کوئٹہ، اسپیشل مجسٹریٹ کی سٹلائٹ ٹاؤن میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی،دو قصاب گرفتار ،دس ہزار جرمانہ عائد

پیر 29 جون 2015 21:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خان خلجی کی ہدایت پر اسپیشل مجسٹریٹ ببرک خان نے سٹلائٹ ٹاؤن میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو قصاب گرفتار ،دس ہزار جرمانہ اور غیر قانونی بورنگ کے کام کو روک لیا۔ اس کے علاوہ اسپیشل مجسٹریٹ عنائت اﷲ نے زرغون آباد کے علاقے میں دکانوں اور یوٹیلیٹی اسٹور کا معائنہ کیا اس موقع پر سرکاری ریٹ کے برعکس اشیاء خوردونوش فروخت کرنے اور مضر صحت اشیاء رکھنے پر مجموعی طور پر 11350روپے جرمانہ جبکہ یوٹیلیٹی اسٹور میں زائد المیاد اشیاء قبضے میں لے لیا۔

جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ احسن نے المدار روڈ ،طوغی روڈ اور مشن روڈ پر کارروائی کے دوران 160لیٹر دودھ نیلام کرکے رقم مالک کے حوالے کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹورپر اشیاء خوردونوش کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اسپیشل مجسٹریٹ اجمل شاہ نے سٹلائٹ ٹاؤن میں متعدد دکانوں کے معائنہ کرکے خلاف ورزی پر 16750روپے جرمانہ کرنے کے علاوہ دکانداروں کو تنہبہ کرتے ہوئے کہاکہ گرانفروشی کی روک تھام کے سلسلے میں کارروائی جاری رہے گی اس سلسلے میں تمام دکاندار ضلعی پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنائے بصورت دیگر کارروائی میں بھاری جرمانہ اور جیل بھی ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر جوائنٹ روڈ پر بھی سستا بازار کاانعقاد کردیاگیا جس میں اشیاء خوردونوش ،آٹا ،یوٹیلیٹی اسٹور کی مصنوعات،گوشت ،سبزی اور فروٹ کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔