Live Updates

تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی سے متعلق ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ،امید ہے عمران خان کمیشن کے فیصلے کو من و عن قبول کریں گے،عمران خان اپنی سیاست بچانے کے لیے خیبر پختونخوا کی ترقی پر توجہ دیں

وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرکابیان

پیر 29 جون 2015 21:36

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ جوڈیشل انکوائری کمیشن میں نادرا کی رپورٹ اور الیکشن کمیشن کے پیش کردہ تحریری دلائل سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ 2013ء کے الیکشن میں کوئی منظم دھاندلی نہیں کی گئی اور اس بار ے تحریک انصاف کے تمام تر الزامات محض جھوٹ پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف اپنے تمام تر الزامات کے بارے میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی ہے اور اس کو اپنے اس رویے پر اور قوم و ملک کا قیمتی وقت ضائع کرنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد برجیس طاہر نے جوڈیشل کمیشن میں پیش کردہ الیکشن کمیشن کے تحریری دلائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دلائل کے مطابق تحریک انصاف اضافی بیلٹ پیپرز کو اردو بازار سے چھپاوانے کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکی۔

(جاری ہے)

جہاں تک فارم 15کا تعلق ہے تو وہ سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ سندھ میں گم پائے گئے جہاں پر مسلم لیگ(ن) کی مخالف سیاسی قوتوں کوالیکشن میں کامیابی حاصل ہوئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دھاندلی سے متعلق واویلا محض عمران خان اور ان کے نادان سیاسی مشیران کی ذہنی اختراع ہے۔ جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہے ۔دراصل خوابوں کی دنیا میں رہنے والے عمران خان 2013کے جنرل الیکشن میں اپنی ناکامی کو ہضم نہ کر سکے اور دھاندلی جیسے بے بنیاد الزامات لگا کر اپنی ناکامی پردہ ڈالنے کی کوشش شروع کردی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ماضی کو دیکھتے ہوئے مجھے شدید خدشات ہیں کہ وہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کریں گے کیونکہ عمران خان ہر بات اور اپنے ہی بنائے ہوئے ہر اصول پر یو ٹرن لینے کے ماہر ہوچکے ہیں۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں شکست سے عمران خان اور ان کی پارٹی کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔

انہوں نے کہ عوام کے مابین میاں نواز شریف کے ملکی ترقی سے متعلق قومی ویژن کو زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری کامیابی حاصل ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان کے دھاندلی کے واویلے کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے عمران خان کو اپنے نادان مشیران کے حصار سے باہر آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی تمام تر توجہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی پر گامزن کریں یہی ایک راستہ ہے جو ان کی ختم ہوتی سیاست کوزندگی بخش سکتا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات