Live Updates

کالا شاہ کاکو آپریشن پر شہباز شریف کی سیکیورٹی اداروں کو شاباش، عبادت گاہوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 29 جون 2015 21:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات اور ان پر عملدرآمد و نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا ء کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھارہی ہے ۔ وہ اعلیٰ سطح کا اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال ، پنجاب پولیس اینٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر کے قیام کے منصوبے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر پیش رفت کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ اجلاس تین گھنٹے تک جارہی رہا جس میں وزیر اعلیٰ نے کالاشاہ کاکو کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی اور کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا مظاہرہ کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے جرأت اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔

وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسروں اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ وقت مشکل ہے تاہم وہی قومیں سرخرو ہوتی ہیں جو کٹھن وقت میں ثابت قدم رہتی ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ وقت قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں اتحاد،ایمان اور تنظیم پر عمل پیرا ہونے کا ہے کیونکہ ملک کو اس وقت اتفاق اوربھائی چارے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاق رائے سے طے کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں بروقت اورموثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں ۔جرائم کی روک تھام کے حوالے سے پنجاب پولیس اینٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر کے قیام کا منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت اس منصوبے کو راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ناصرف اضافی نفری تعینات کی جائے بلکہ حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ منافرت پر مبنی لٹریچر کی تقسیم و اشاعت کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور لاؤڈسپیکر اور وال چاکنگ پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کسی صورت برداشت نہیں اور ایسی تقاریر کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کاروائی کی جائے کیونکہ معاشرے میں بھائی چارے، امن، اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اینٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر کے قیام کے منصوبے کے تحت لاہور کے تمام تھانے سنٹر کے ساتھ اینٹی گریٹڈ ہوں گے۔

جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے شہر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے جرائم پیشہ افراد اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال میں خاطرخواہ بہتری آئے گی بلکہ گلی محلوں اور بازاروں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

امن و امان کی بہتری کیلئے وسائل پہلے بھی دیئے اور آئندہ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اور پولیس کو اپنے فرائض جانفشانی اور محنت سے سرانجام دینا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں ۔انہوں نے کہاکہ لاہو رسمیت پنجاب بھر میں موثر انداز میں سرچ آپریشن مزید تیز کئے جائیں ،سرچ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، کرنل (ر)شجاع خانزادہ، ایم پی اے سید زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ سیکرٹریز ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :