روہنگیا مسلمانوں سے رشتہ کلمے او رعقیدے کی بنیاد پر ہے ، سراج الحق

جلد الخدمت کا ایک وفد انڈونیشیا اور ملائیشیا کا دورہ کرے گا ،روہنگیا مسلمانوں کے وفد سے گفتگو

پیر 29 جون 2015 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے نے کہا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں سے ہمارا رشتہ اور تعلق کوئی نسلی نہیں بلکہ کلمے ،عقیدے اور نظریے کی بنیاد پر ہے ۔جماعت اسلامی 1948سے اراکانی مسلمانوں کے ساتھ ہے جماعت اسلامی انھیں کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ہم نے سعودی عرب سے اس مسئلے پر بات کی ہے اور حکومت کے اعلی حکام سے بھی اس مسئلے کے حل کے لیے رابطہ کیا ہے ۔

یواین او میں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ہے اور بہت جلد الخدمت کا ایک وفد ملائیشیا اور انڈونیشیا کا دورہ کرے گا اور وہاں کی فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں نور حسین اراکانی کی قیادت میں روہنگیا برادری کے مسلمانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وفد نے مسئلے کے حل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور اپیل کی کہ ان کی حمایت اور مدد کی جائے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کا اور ہمارا رشتہ ایک مضبوط رشتہ ہے ۔جماعت اسلامی رو ز اول سے آ پ کے ساتھ ہے۔ہم نے کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں اراکانی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے بڑے بڑے مارچ کیے ،جس میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی دعوت دی اور اس مسئلے کو ایک قومی اور ملی مسئلے کے طور پر پیش کیا ہے ۔

سراج الحق نے کہا کہ افسوس کہ عالم اسلام کے اند ر ایسا کوئی ادارہ نہیں ہے جو مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے آواز اُٹھائے ۔او آئی سی بھی امریکہ کے اشارے پر کام کرتی ہے ۔قبل ازیں نور حسین اراکانی نے جماعت اسلامی کی کوششوں کی تعریف کی اور تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بار بار یادداشتیں پیش کی جانی چاہئیں ۔

عالمی سطح پر مراسلات بھیجے جائیں ۔سفراء کا اجلاس بلایا جائے ۔ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حکومتی کمیٹی کے ساتھ کام کرے اور اس کے کاموں پر نظر رکھے ۔بنگال ،ملائیشیا اور انڈونیشیا میں اعلی سطحی وفود بھیجے جائیں ۔وفد میں محمدرفیق ، ذبیح اﷲ ، مولانا ظفر آزاد ، مولانا عبدالحئی ، مولانا قاری سعید، مولانا نور البشر اور محمد سلیم شامل تھے جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ، سیکریٹری کراچی عبدالوہاب ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبدالشکور ، الخدمت کراچی کے سیکریٹری انجینئر عبدالعزیز ، امیر ضلع بن قاسم محمد اسلام اور دیگر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :