مراکش میں علماء کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عا ئد ،شاہی فرمان جا ری

دینی شعبے میں کام کرنے والے افراد مکمل وقار اور آزادی سے دینی ذمہ دارایاں ادا کریں،شاہ محمد ششم

پیر 29 جون 2015 22:35

رباط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)مراکش کے شاہ محمد ششم نے ملک میں پہلی مرتبہ آئمہ اور خطباء کی سیاست میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔شاہی فرمان کے مطابق کسی بھی نوعیت کے دینی ذمہ داریاں ادا کرنے والے مراکشی شہریوں پر سیاست یا یونین سازی پر پابندی ہو گی۔ نیز دینی شعائر کی ادائیگی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی تمام دیگر سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

شاہی فرمان میں محمد ششم نے دینی شعائر کی ادائی کے لئے مخصوص مقامات پر سکون اور اطمینان میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا اشارہ مساجد میں سیاسی سرگرمیوں کی جانب تھا۔نئے قانون کے تحت دینی شعبے میں کام کرنے والے افراد پر لازم ہے کہ وہ مکمل وقار اور آزادی سے دینی ذمہ دارایاں ادا کریں۔ حکومت سے پیشگی تحریری اجازت کے بغیر وہ کسی نوعیت کی فنڈ ریزنگ نہیں کر سکتے۔

تاہم انہیں نظریاتی اور علمی کاموں کے لئے فنڈ جمع کرنے کی اجازت ہو گی بشرطیکہ یہ معاملات اہل دین کی ذمہ داریوں سے متصادم نہ ہوں۔نئے قانون میں ایک کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے کہ جو شاہی فرمان کی خلاف ورزی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی تحقیق کرے گی اور سزا تجویز کرے گی۔`