پاکستان کا بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ، ملیحہ لودھی مشاورت کیلئے اسلام آباد طلب

ملیحہ لودھی وزیر اعظم اور خارجہ امور کی ٹیم سے معاملیسے متعلق مشاورت کریں گی بھارتی فنڈنگ اور ’’را‘‘ کی مداخلت کے ثبوت پاکستان کو نہ دیئے جائیں،بھارت کا برطانیہ پر دباؤ

پیر 29 جون 2015 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان نے بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان اور دیگر شواہد کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا،اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کومشاورت کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا گیا۔ ملیحہ لودھی وزیر اعظم نواز شریف اور خارجہ امور کی ٹیم سے معاملے کے متعلق مشاورت کریں گی جس کے بعد ملک میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بھارتی مداخلت سے متعلق سیکریٹری خارجہ کی زیر صدارت ایک اجلاس بھی ہوا جس میں اقوام متحدہ اور یورپی ڈیسک کے سربراہ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان اور دیگر شواہد کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سفارتی حکام نے لند ن اور نئی دہلی میں بھارتی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں انھوں نے برطانیہ پر دباؤ ڈالا ہے کہ بھارتی فنڈنگ اور پاکستان میں ’’را‘‘ کی مداخلت کے ثبوت پاکستان کو نہ دیئے جائیں ۔