بلوچستان ،علیحدگی پسند گروپوں میں را سے ملنے والے فنڈز کی تقسیم پر تصادم، ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 25ہوگئی

منگل 30 جون 2015 11:35

بلوچستان ،علیحدگی پسند گروپوں میں را سے ملنے والے فنڈز کی تقسیم پر ..

کوہلو /ڈیرہ بگٹی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں دو مختلف علیحدگی پسند گروپوں کے درمیان بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کی جانب سے ملنے والے فنڈز کی تقسیم کی وجہ سے مسلح تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 25ہوگئی ۔منگل کو میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کی سرحدی پٹی پیر سوری کے دربار برساتی نالے میں کالعدم تنظیم کے کارندوں نے دوسری شرپسند تنظیم کے کیمپ پر خود کار ہتھیاروں اور راکٹوں سے حملہ کردیا۔

دونوں جانب جدید ہتھیاروں اور راکٹ لاوٴنچرز کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ تصادم کے نتیجے میں 25سے زائد شرپسندوں کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ پندرہ کے قریب شرپسندوں کی زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں تاہم مقامی انتظامیہ تاحال ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کرپائی ۔

(جاری ہے)

لیویز کے افسر کے مطابق تصادم میں ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم کتنی ہوئی ہیں، اس بات کا یقینی طور پر نہیں کہا جاسکتا۔

یہ تصادم دونوں اضلاع کی سرحد پیر سوری دربار اور ہان نالہ پر پیش آیا۔ دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ سیکیورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام عسکریت پسندوں کا تعلق دو مختلف علیحدگی پسند گروپوں سے ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ دونوں دہشت گرد تنظیمیں ہیں جن میں تصادم 'را' کی جانب سے ملنے والے فنڈز کی تقسیم وجہ سے ہوا۔

متعلقہ عنوان :