نامور سیاست دان میاں ممتاز محمد خان دولتانہ کی بیسویں برسی منائی گئی

منگل 30 جون 2015 11:42

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) نامور سیاست دان میاں ممتاز محمد خان دولتانہ کی بیسویں برسی منائی گئی ۔پاکستان کے نامور سیاستدان میاں ممتاز محمد خان دولتانہ 23 فروری 1916ء کو ملتان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد میاں احمد یار خان دولتانہ پرانے سیاستدان تھے جو 1920ء سے 1937ء تک مسلسل پنجاب کی قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہوتے رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان کی وفات کے بعد میاں ممتاز محمد خان دولتانہ 1943ء میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔قیام پاکستان کے بعد وہ پنجاب مسلم لیگ کے صدر ، پنجاب کے صوبائی وزیر خزانہ اور وزیراعلیٰ اور مرکزی وزیر دفاع کے مناصب پر فائز رہے۔ 1970ء میں وہ کونسل مسلم لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تاہم ملک میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر انگلستان میں پاکستان کے سفیر بن گئے اور یوں وہ عملی سیاست سے تقریباً دست کش ہوگئے۔میاں ممتاز محمد خان دولتانہ 30جون 1995ء کو وفات پاگئے اور وہاڑی میں آسودہ خاک ہوئے۔