خانپور ‘ اسٹنٹ کمشنر خانپور کا سبزی منڈی کا اچانک دورہ

منگل 30 جون 2015 12:55

خان پور۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) اسٹنٹ کمشنر خان پور چوہدری عبدالغفار نے سبزی منڈی کا صبح سویرے اچانک دورہ کیا۔ موقع پر سبزی ‘ فروٹ ‘ نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بغیر نیلامی کوئی جنس فروخت نہ کی جائے اور عوام کی سہولت کے لئے مناسب ریٹ پر سبزیاں اور فروٹ فروخت کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی صورت بھی ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے پوری سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل کو چیک کیا۔ سبزی منڈی میں ایک علیحدہ وزٹ میں سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی میاں محمد ظفر نے ریٹ لسٹوں کو چیک کیا اور منڈی میں اوور چارجنگ کرنے والوں کو موقع پر ہزاروں روپے جرمانے کئے۔ اس موقع پر انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اوور چارجنگ پر جرمانے کے ساتھ ساتھ حوالات میں بھی بند کیا جائے گا