سیاسی و عسکری قیادت نے بھارتی مداخلت کو عالمی سطح پر اٹھانے کی پالیسی تیار کرلی،کراچی آپریشن کو آگے بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کرلی گئی

منگل 30 جون 2015 13:15

سیاسی و عسکری قیادت نے بھارتی مداخلت کو عالمی سطح پر اٹھانے کی پالیسی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے بھارتی مداخلت عالمی سطح پر اٹھانے کی پالیسی تیار کرلی‘ کراچی آپریشن کو آگے بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کرلی گئی‘ دہشت گردوں کا ملک کے ہر کونے میں پیچھا کرکے صفایا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی‘ ملاقات میں قومی سلامتی اور سکیورٹی امور پر مشاورت کی گئی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملکی سکیورٹی صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں بھارتی مداخلت عالمی سطح پر اٹھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔اس حوالے سے پالیسی بنانے کے لئے اہم فیصلے کرلئے گئے۔ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب‘ کراچی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں ہونے والی کارروائیوں پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملکی سیاسی اور عسکری قیادت نے ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ شدت پسندی اور جرائم پیشہ عناصر سے ملک کو پاک کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ملک کے ہر کونے میں پیچھا کرکے صفایا کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کراچی سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ہونے والے ملاقات میں کراچی میں آپریشن کو آگے بڑھانے کے حوالے سے موثر حکمت عملی بھی طے کرلی گئی جس پر وزیراعظم نواز شریف کل بدھ کو اپنے دورہ کراچی میں اہم اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کراچی آپریشن کے بارے میں فیصلے بھی کرینگے۔

متعلقہ عنوان :