پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنا رہی ہے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 30 جون 2015 14:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر آنے والے مہاجرین کے تمام معاملات کو یکسو کریں گے۔ مہاجرین کے گزارا الاؤنس کیلئے وزیر اعظم پاکستان کو تحریک کر رکھا ہے۔ آزاد کشمیر بھر میں آباد مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین کو مالکانہ حقوق دیئے گئے ہیں اور تین ماہ کے اندر اندر آزاد کشمیر بھر میں مقیم مہاجرین کو حقوق ملکیت دے دئیے جائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں مظفرآباد میں قائم مہاجر کیمپوں کے نمائندگان کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر مہاجر کیمپوں کے نمائندگان مشتاق الاسلام، عزیز احمد، محمد صادق، بشیر خان، شیخ رشید احمد، حامد جمیل، شجاع الحق، مقصود بٹ، چوہدری عبدالقیوم، عبدالکریم، رنگین بٹ نے مہاجرین کیمپیوں کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر ہائیر ایجوکیشن مطلوب انقلابی، پیپلز پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔ مہاجرین کے نمائندگان نے مہاجرین کو مالکانہ حقوق دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین کی بڑی قربانیاں ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت مہاجرین کے تمام معاملات حل کرے گی اور انہیں یہاں مہاجر ہونے کا احساس نہیں ہونے دے گی۔

مہاجرین ہمارے جسم کا حصہ ہیں ہم ان کو مہاجرین نہیں سمجھتے وہ اپنے وطن میں ہیں غیریت کا احساس کسی صورت میں نہیں ہونے دیں گئے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے قابض و غاصب حکمرانوں کا تسلط ختم ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے-