پہلے عشرے میں 80لاکھ افراد نے مسجد الحرام میں عبادت کی ‘ کراؤڈ کنٹرول کیلئے 5ہزار نگران کیمروں کا استعمال

منگل 30 جون 2015 15:22

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) رمضان المبارک کے پہلے دس دنوں کے دوران 80لاکھ سے زائد افراد نے مسجد الحرام میں عبادت کی ۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 49فی صد زیادہ ہے ۔ ان افراد کی آمد ورفت کے لئے 38ہزار گاڑیان استعمال کی گئیں ۔

(جاری ہے)

مسجد الحرام کے شعبہ صفائی کے سربراہ ماہر الزہرانی نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد میں 24گھنٹے زائرین کی کثیر تعداد کی موجودگی میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لئے اڑھائی ہزار کارکن تین شفٹوں میں چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور روزانہ 143ٹن کچرا مسجدسے صاف کیا جاتا ہے۔

اس مقصد کے لئے عملے کو 2542مشینیں اور دیگر آلات فراہم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے روزہ داروں کو ہدایت کی کہ کھانے پینے کی اشیاء مسجد کی عمارت کے اندر نہ لائیں اور افطار کے لئے صرف کھجوریں ، آب زم زم اور قہوہ استعمال کریں ۔ سعودی حکومت نے حفاظتی اقدامات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے مسجد الحرام کی تمام منزلوں اور صحنوں میں 5000ہائی ڈیفی نیشن نگران کیمرے نصب کر دیئے ہیں جن کے ذریعے منٰی میں واقع کنٹرول سنٹر میں 24گھنٹے مانیٹرنگ کی جاتی ہے ۔