یونیسکو کے وفد کا بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کا دورہ

منگل 30 جون 2015 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) اقوامِ متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے اعلیٰ وفد ڈاکٹر احمد فہمی نے گزشتہ روز بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کا دورہ کیا ، اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری سے ملاقات بھی کی، یونیسکو کے وفد کے دورے کا مقصد آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کو " یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" قرار دیے جانے کے مشاہداتی عمل کو مکمل کرنا تھا ۔

ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے ڈاکٹر احمد فہمی کو بین الاقوامی مرکز میں ہونے والی مثالی ترقی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس کیمیکل، بائیو لوجیکل اور بائیو کیمکل علوم میں دنیا کا بہترین ادارہ ہے، جامعہ کراچی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا معروف ادارہ ہے جبکہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم اس یونیورسٹی کے بہترین اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی اداروں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احمد فہمی نے کہا یونیسکو کی جانب سے یہ دورہ دنیا کے اس معروف ادارے کو " یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" قرار دیے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا، انھوں نے کہا اس سلسلے میں یہ ادارہ پہلے ہی سے مشاہداتی مرحلے سے گزرچکا ہے۔بعدِ ازاں ڈاکٹر احمد فہمی کے اعزاز میں بین الاقوامی مرکز میں ایک افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایران، بنگلہ دیش، انڈونیشیا کے کونسلیٹ جنرل، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری، آئی سی سی بی ایس کی فیکلٹی سمیت دیگر معزیزین نے شرکت کی۔

ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری نے فیکلٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئی سی سی بی ایس جلد ہی یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ کے مقام پر فائز ہوجائے گا، یونسیکو نے اپنا مشاہداتی عمل تقریباً مکمل کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :