افغان جنگجو شام میں داعش کی قیادت سے رابطے میں ہیں،امریکی جنرل شان سوئنڈل

منگل 30 جون 2015 16:15

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) افغان سپیشل فورس کو تربیت دینے والے ایک یونٹ کے سربراہ جنرل شان سوئنڈل نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش سے منسلک جنگجو شام میں اس شدت پسند تنظیم کی قیادت سے رابطے میں ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق جنرل شان سوئنڈل کا کہنا تھاکہ غیر مطمئن طالبان جنگجووٴں نے ایک ’فرینچائز‘ قائم کر لی ہے۔تاہم انھوں نے کہا کہ دولت اسلامیہ افغانستان میں اس قدر سنجیدہ نہیں ہے جس قدر وہ لیبیا یا عراق میں ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ ہفتوں کے دوران مشرقی افغانستان میں اس نئے گروپ اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔طرفین نے اتحاد کی اپیل کو مسترد کر دیا اور جنگ ننگرہار صوبے کے کئی اضلاع میں پھیل گئی جو کہ تورا بورا کے غاروں والے علاقے سے زیادہ دور نہیں جہاں کبھی القاعدہ کے سابق رہنما اسامہ بن لادن چھپے رہے تھے۔دولت اسلامیہ کے اہم گروپ سے منسلک ایک ویب سائٹ کے بعض حصے اب مکمل طور پر ’خراسان میں دولت اسلامیہ‘ کے لیے مخصوص ہیں۔ خیال رہے کہ خراسان افغانستان اور اس سے ملحقہ علاقوں کا پرانا نام ہے۔اسی ویب سائٹ پر ایک حالیہ بیان میں طالبان جنگجووٴں کو دولت اسلامیہ میں شامل نہ ہونے کی صورت میں موت کی دھمکی دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :