رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں،کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا‘ ڈاکٹر فرخ جاوید

منگل 30 جون 2015 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا، ڈاکٹر فرخ جاویدنے ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی یکساں قیمیں مقرر کی جائیں،بازاروں میں خواتین اور بزگوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں،حکومت کی بہترین مینجمنٹ اور مسلسل مانیٹرنگ سے رمضان بازار مثالی شکل اختیار کر چکے ہیں،حکومت پنجاب رمضان بازارں کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی پر چیک رکھے ہوئے ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو زمہ داریاں سونپی گئی ہیں،محکمہ زراعت کی جانب سے لگائی گئی فئیر پرائس شاپس پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اور کوالٹی اطمینان بخش ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فرخ جاوید نے لاہور میں ماڈل ٹاوٴن لنک روڈ اور شادمان کے رمضان بازاروں کے اچانک دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں ، گوشت ، گرین چینل شاپس ، آٹا ، چینی ، مشروبات اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار کا تفصیلاًجائزہ لیا اور خریداری کیلئے آنیوالے صارفین سے رمضان بازاروں میں دستیاب اشیاء کی فراہمی اور کوالٹی بارے دریافت کیا۔

صوبائی وزیرنیکہا کہ عوام کی بڑی تعداد روزانہ رمضان بازاروں کا رخ کرتی ہے جو حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق رمضان المبارک میں پنجاب کے کونے کونے میں رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے گرمی کے پیش نظربازاروں میں ائیر کولر رکھنے اوربازارں کو پر فضا بنانے کی ہدایت کی تاکہ روزہ داروں کو سہولت ہو۔وزیر زراعت نے کہا کہحکومت پنجاب رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تمام وزراء اور حکومتی نمائندے مشنری جذبے سے روزہ داروں کی سہولت کیلئے بازاروں پر چیک رکھے ہوئے ہیں۔