معاون خصوصی چوہدری محمد ارشد جٹ کا پاکپتن میں رمضان بازاروں کا اچانک دورہ، اشیاء کی قیمتوں اور معیار کی چیکنگ

منگل 30 جون 2015 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک چوہدری محمد ارشد جٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور گراں فروشی و ناجائزمنافع خوری کے خاتمے کا عزم کیاہے، وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تمام صوبائی وزراء ، عوامی نمائندے اور افسران بلاناغہ رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کا معیار، مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد اور وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ اور چیکنگ کی غرض سے تمام اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ضلع پاکپتن میں لاری اڈا اور منڈی سٹاپ کے علاقوں میں قائم سستے رمضان بازاروں کے اچانک دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی-اس موقع پر انہو ں نے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردنی کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود خریداروں سے ان بازاروں میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا -انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی ضرورت کی اشیائے خوردنی کی دستیابی میں کوئی کمی نہ آنے پائے اور رمضان بازاروں میں مٹن ، بیف ، مرغی کے گوشت اور انڈوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے- انہوں نے نے رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار ، قیمتوں اوررسد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کے مفادات کے تحفظ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے- انہو ں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کے وژن کے مطابق لوگوں کو بھر پور ریلیف دیاجائے - انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے - وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں حکومت دن رات عام آدمی کی حالت بہتر بنانے میں سرگرم عمل ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو-معاون خصوصی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو بنیادی ضرورت کی اشیائے خوردنی کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے - انہو ں نے مزید کہاکہ رمضان بازاروں میں تعینات عملہ لوگوں کی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں کی مناسب پارکنگ کے حوالے سے بھی خاطر خواہ بندوبست کرے ۔