زرداری اینڈ کمپنی ملک سے بھاگ چکی ہے، نواز اینڈ کمپنی کا انجام بھی قریب پہنچ چکا، بیرسٹر سلطان محمود

منگل 30 جون 2015 16:41

کھڑی شریف (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ زرداری اینڈ کمپنی ملک سے بھاگ چکی ہے۔ نواز اینڈ کمپنی کا انجام بھی قریب پہنچ چکا، مفاہمت کے نام پر کرپشن کا بازار گرم کرنے والے نشانِ عبرت بن جائیں گے۔ زرداری اور نواز گٹھ جوڑ کا خاتمہ وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔

عوام اس خاتمے کیلئے عملی کردار ادا کریں۔ عمران خان کے ویژن کی روشنی ریاست کے طول و عرض میں پھیل چکی۔ اگلے دو ماہ میں تحریک انصاف ریاست کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ کھڑی میرا گھر ہے۔ میرا سیاسی قلعہ اس میں نقب زنی کی منصوبہ بندی کرنے والے حسرتناک انجام سے دو چار ہوں گے۔ سازشی ٹولہ جتنی مرضی سازشیں کر لے۔

(جاری ہے)

کھڑی کے عوام کے دلوں میں میری محبت کے جلتے ہوئے چراغوں کو بجھایا نہیں جا سکتا۔

وسیع پیمانے پر تحریک انصاف کی ممبر سازی کا کام شروع ہونے والا ہے۔ کارکنان ممبر سازی کی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔تاکہ عمران خان کے نظریات و افکار کو گھر گھر تک پہنچایا جا سکے۔ اسلام آباد کی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے والے خواب ہی دیکھتے رہ جائیں گے اور ہم عوامی طاقت کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں میں جلوہ افروز ہو جائیں گے۔

آزادکشمیر میں اگر بلدیاتی الیکشن ہوا تو تحریک انصاف اس میں بھرپور طریقے سے حصہ لے کر اس میں واضح کامیابی حاصل کرے گی۔

آج کھڑی کے اندر جس پرتپاک انداز میں میرا استقبال کیا گیا، اسے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کھڑی کے غیور عوام نے میری سیاست میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ حالات جیسے بھی سنگین ہیں، کھڑی کے لوگوں کے مضبوط ارادوں میں کبھی لڑکھڑاہٹ پیدا نہیں ہوئی۔

آئندہ انتخابات میں کھڑی سے مخالفین کا صفایا کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے کھڑی میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے اجتماع سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔جسکی صدارت مرزا مظفر نے کی جبکہ افطار ڈنر سے سابق چیئرمین ایم ڈی اے چودھری محمد صدیق، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چودھری محمد منشاء، مرزا مظفر اور ڈاکٹر معروف نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی منافقانہ اور عیارانہ سیاست عوام میں برے طریقے سے بے نقاب ہو چکی ہے۔ لوگ دونوں جماعتوں کے اصلی اور مکروہ کردار سے واقف ہو چکے ہیں۔ اسی وجہ سے ریاست کے کریہ کریہ اور نگر نگر میں تحریک انصاف عوام مقبولیت کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے۔ تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے سے مجید اور فاروق حیدر خوفزدہ ہو چکے ہیں۔

اسی وجہ سے وہ میرے خلاف ان دنوں گندی زبان استعمال کررہے ہیں۔ چودھری مجید اور اس کے بھائی راجہ فاروق حیدر کی گندی زبان کا جواب دینا مجھے زیب نہیں دیتا البتہ اتنا کہتا ہوں کہ ان دونوں بھائیوں کی سیاسی موت اب زیادہ دور کی بات نہیں۔ دونوں جماعتیں آئندہ الیکشن سے یا بھاگ جائیں گی یا شکست کھائیں گی۔ ہم اقتدار میں آکر آزادکشمیر کے اندر فلاحی حکومت کا قیام عمل میں لائیں گے۔