رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کیخلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی

منگل 30 جون 2015 16:54

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) الیکشن ٹربیونل فیصل آبادو سرگودھا ڈویژنز کے جج جاوید رشید محبوبی نے ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 78شہری نشست جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت 8جولائی بروز بدھ تک ملتوی کردی ہے جبکہ اس موقع پر وکلاء حتمی دلائل دیں گے جس کے بعد فیصلہ سنائے جانے کابھی امکان ہے۔

عدالتی ذرائع نے بتایاکہ مولانا محمد احمدلدھیانوی بنام راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کی دائر کردہ الیکشن پٹیشن نمبر 119/2013 ، شیخ دانیال اقبال کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 391/2013 ، محمد سعید اختر کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 208/2013 اور طارق اسلم کی راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر درخواست زیر دفعہ 76-A کے تحت سماعت کیلئے آئندہ تاریخ پیشی 8جولائی مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اہلسنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ اور مذکورہ حلقہ سے 11مئی 2013ء کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی ، شیخ دانیال اقبال ، ماسٹر محمد سعید اختر اور ایک شہری شیخ طارق اسلم کی جانب سے کامیاب امیدوار راشد ہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداریوں میں مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں نااہل قراردینے کی استدعا کی گئی ہے ۔