سعودی حکومت حاجیو ں کی بسوں کے ڈرائیوروں کا ڈرگ ٹیسٹ کروائے گی

حج سیزن کے دوران مختلف طبی ، تکنیکی اور انتظامی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے 20ہزار افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی

منگل 30 جون 2015 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)سعودی وزارت صحت نے آئندہ حج سیزن میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حاجیوں کی آمدو رفت کے لئے استعمال ہونے والی بسوں کے ڈرائیوروں کا ڈرگ ٹیسٹ کراوا کر ان کی طرف سے نشہ آور اشیاء کے استعمال کا پتہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سعودی وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر چلنے والے ڈرائیور طویل دورانیے تک کام کرتے ہیں اور اپنی توانائی برقرار رکھنے کے لئے ممنوعہ ادویات استعمال کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد بسوں‘ٹیکسیوں اور پرائیویٹ گاڑیوں میں سفر کرنے والے حاجیوں کی قیمتی جانوں کا یقینی بنانا ہے ۔یہ مہم پولیس ، محکمہ انسداد ِ منشیات اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے تعاون سے چلائی جائے گی ۔ دریں اثنامعلوم ہوا ہے کہ سعودی وزارت صحت اس سال حج سیزن کے دوران مختلف طبی ، تکنیکی اور انتظامی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے 20ہزار افراد کی خدمات حاصل کرے گی جن میں 400سپیشلسٹ ڈاکٹر بھی شامل ہیں ۔ وبائی امراض کی روک تھام کے لئے مملکت میں داخلے کے لئے استعمال ہونے والے 14 بری ‘بحری اور فضائی راستوں سے آنے والے حاجیوں کی صحت اور جسمانی حالت کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور انہیں حفاظتی ویکسین مہیا کی جائے گی ۔