اسلام آباد : ٹربیو نل میں کیس التوا کا شکار؛ الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹربیونل کی مدت میں توسیع کر دی۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 جون 2015 17:17

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 30 جون 2015 ء) : الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹربیونل کی مدت میں دو ماہ کی توسیع کر دی. تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں انتخابی عذرداریوں کے لئے قائم الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں 31 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔2 سال گزرنے کے باوجود 21 کیسز ابھی تک التوا کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری اعلامیہ کے مطابق 2013ء کے عام انتخابات میں انتخابی شکایات کیلئے قائم الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، پنجاب کے 3 ، سندھ اور خیبر پختونخوا کے 1،1 ٹربیونل کی مدت میں 31 اگست تک کی توسیع کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹربیونلز کی مدت میں یہ پانچویں بار توسیع کی گئی ہے۔ جون 2013ء میں قائم کئے گئے انتخابی ٹربیونلز کی مدت ایک سال تھی ،جن میں پہلے6 ماہ اور پھر2، 2 ماہ کی توسیع 3 بار کی گئی۔ یاد رہے کہ الیکشن ٹربیونلز میں ابھی بھی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت اکیس کیسز زیر التوا ہیں۔