یمن: داعش کا حوثیوں پر حملہ،8 خواتین سمیت 28افراد ہلاک

منگل 30 جون 2015 18:06

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ رات یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی باغیوں پر کیے گئے کار بم حملے میں 8 خواتین سمیت 28 افراد ہلاک ہوئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حوثی باغیوں کے سربراہ کے بھائی فیکال اور حامد جیاچی کو اْس وقت کار بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے خاندان کے ایک شخص کی وفات پر ایک جگہ جمع تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد حوثی باغیوں نے علاقے کو گھیر لیا اور صرف امدادی رضا کاروں کو جائے حادثہ تک جانے کی اجازت دی گئی۔داعش کی جانب سے جاری ہونے والے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اْن کی جانب سے یمن میں موجود حوثیوں کے خلاف کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ داعش نے گذشتہ دنوں کویت کی ایک امام بارگاہ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں 26 افراد ہلاک اور 227 زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل داعش نے 20 جون کو صنعا کی ایک امام بارگاہ میں ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں 2 افراد ہلاک جبکہ 16 زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے سے 4 روز قبل یمن کے دارالحکومت میں ہی ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ داعش کی جانب سے شام اور عراق میں خود ساختہ خلافت کا گذشتہ روز پیر کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ `

متعلقہ عنوان :