حکومت پنجاب غربت کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کی سکل ٹریننگ اور روزگار کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ‘راجہ اشفاق سرور

متحرک اور فعال این جی اوز کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے غریب افراد کو سود سے پاک قرضے دئیے جارہے ہیں‘صوبائی وزیر

منگل 30 جون 2015 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی سکل ٹریننگ اور سو د سے پاک قرضوں کے ذریعے روزگار کی فراہمی کے لئے متحرک اور فعال این جی اوز کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اپنا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستانی پاورٹی ایلیویشن فنڈکے چیف ایگزیکٹوقاضی عظمت عیسیٰ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

این جی او کے وفد میں صائمہ لیاقت خان،یاسر اشفاق اور ڈاکٹر آصف شامل تھے جبکہ سیکرٹری لیبر عشرت علی، اراکین صوبائی اسمبلی سائرہ افتخار اور رمیش سنگھ اروڑا،چیئرمین ٹیوٹاعرفان قیصر شیخ، ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سجاد نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ علی اکبر بوسن،پراجیکٹ ڈائریکٹر جاوید گل اور محکمہ لیبر کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر سے جبری مشقت وچائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے 7 سالہ مربوط منصوبے کے تحت 5.2 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ بھٹہ مزدوروں کو جبری مشقت سے بچانے کے لئے مائیکروکریڈٹ قرضے دئیے جارہے ہیں جبکہ ان کے بچوں کو قریب ترین تعلیمی اداروں میں نان فارمل ،فارمل اور سکل ایجوکیشن کی فراہمی کے پروگرام بھی شروع کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غربت کے خاتمے اور روزگارکی فراہمی کے لئے این جی او پی پی اے ایف کی فنانسنگ،ٹریننگ،مارکیٹ تک رسائی اور رہنمائی مراکز کی سہولیات قابل ستائش ہیں۔جن کے ذریعے غریب افراد کو سود سے پاک اور مائیکروفنانس قرضوں کے ذریعے سوشل پروٹیکشن کے دائرہ کار میں لا کر اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔راجہ اشفاق سرورنے بتایا کہ حکومت پنجاب چھ ماہ میں صوبہ کے تمام بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے ڈیجٹیل میپنگ، سروے اور سوالنامے کے ذریعے ایسے اقدامات کررہی ہے کہ بھٹہ مالکان کو اعتماد میں لے کر مفصل حقائق اور اعداد وشمار کے ذریعے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

اس سلسلہ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور بیورو آف سٹیسٹیکس کاتعاون بھی حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگست کے آخر تک بھٹوں پر موجود چائلڈ لیبر بارے تمام تفصیلات حاصل کر لی جائیں گی۔این جی او پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو قاضی عظمت عیسیٰ نے صوبہ بلوچستان میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی طرف سے حالیہ بجٹ میں منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کرنے کے اقدام کو سراہا اور وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کو غربت کے کے خاتمے کے لئے اپنی این جی اوز کے پلیٹ فارم سے تمام ممکنہ سولیات اور تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :