وائس چانسلر کا الفلاح انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ کادورہ،نئے آڈیٹوریم وکلاس روم کاجائزہ لیا

منگل 30 جون 2015 18:42

ملتان ۔30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) بہاؤ الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ علقمہ نے گزشتہ روز الفلاح انسٹی ٹیوٹ آف بیکنگ و فنانس کا دورہ کیا، اس موقعہ پر ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک بھی ان کے ہمراہ تھے،وائس چانسلر نے نئے تعمیر ہونیوالے آڈیٹوریم اور کلاس روم کا بھی جائزہ لیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر آفتاب سہو کو ہدایت کی کہ یہ کام نئے تعلیمی سیشن شروع ہونے سے پہلے مکمل کرلیاجائے ، وائس چانسلر نے فیکلٹی آف کامرس لاء اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن کے تمام شعبہ جات کی فنانشل کارکردگی بھی چیک کی اور انسٹی ٹیوٹ کی آمدن تمام شعبہ جات سے زیادہ پائی گئی اور اخراجات بھی سب سے کم تھے، سٹاف اور فیکلٹی کی تعداد بھی باقی شعبوں سے کم ہے اور شعبہ میں سب سے زیادہ آٹھ پروگرام آفر کیے جارہے ہیں ،وائس چانسلر نے اس موقعہ پر ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم اخراجات ، اچھی اور معیاری تعلیم طلباء کو مہیا کررہے ہیں ،وائس چانسلر نے انسٹی ٹیوٹ کے تمام فیکلٹی ممبران سے فردا فردا ملاقات کی اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے کم وقت میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے․