ہزارہ یونیورسٹی یونیورسٹی کے بجٹ 2015-16 کی منظوری دیدی گئی، بجٹ تخمینہ 1 ارب 29 کروڑ سے زائد ہے

منگل 30 جون 2015 18:46

مانسہرہ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی فنانس کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سہیل شہزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فنانس کمیٹی کے گذشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی جبکہ یونیورسٹی کے بجٹ برائے سال 2015-16 جس کا تخمینہ 1 ارب 29 کروڑ روپے سے زائد ہے، کی بعض تجاویز کے ساتھ منظوری دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے مالی وسائل کو ضرورت کے تحت کفایت شعاری سے استعمال کیا جائے۔ فنانس کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی، فلاح اور طلباء و طالبات کی معیاری تعلیم و تحقیق کیلئے وسائل کو مزید منظم اور بہتر انداز میں صرف کرنا چاہئے تاکہ ادارہ سے منسلک افراد کے ساتھ ساتھ یہ ادارہ مزید ترقی کی طرف گامزن ہو۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سہیل شہزاد نے فنانس کمیٹی کے ممبران سے کہا کہ آپ کے مشورے، رائے اور تجاویز یقیناً اس ادارہ کی ترقی کا ضامن ہوں گے، آج ہمیں ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جن کی بدولت آنے والی نسلوں کی جدید تعلیمی و تحقیقی ضروریات پوری ہوں اور ملک اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ترقی میں وسعت آئے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف فنانس کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آبادکے نمائندوں اور یونیورسٹی کے متعلقہ افسران جن میں ڈین سائنسز، رجسٹرار اور ڈائریکٹر ٹریننگز شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :