اقتدار سے محروم عوام کی مسترد جماعتیں ایک بار پھر لنگڑے گھوڑے پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہو رہی ہیں، ملک کو کسی نئے ایڈونچر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے،

مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر کا بیان

منگل 30 جون 2015 20:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ اقتدار سے محروم عوام کی مسترد جماعتیں ایک بار پھر لنگڑے گھوڑے پر سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہو رہی ہیں․ ملک کو کسی نئے ایڈونچر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے․ غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والے عوام کے مسترد عناصر کے لئے مملکت خدادا میں کوئی جگہ نہیں․ وزیر اعظم پاکستان ملک و قوم کے نگہبان ہیں ان پر بے بنیاد الزامات سے پہلے طاہر القادری کو اپنے کارکنوں کے مذہبی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کا حساب دینا ہوگا۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں علی اکبر گجر نے عمران خان اور طاہر القادری کے دوبارہ اکٹھے ہونے کو ملکی معیشت کے خلاف نئی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکن اپنے اتحاد سے کزن شپ کی دونوں وکٹیں گرائیں گے․ دھاندلی خان کو سہارا دینے کے لئے علامہ انقلاب کی بیساکھیاں کسی کام نہیں آئیں گی․دھاندلی اور انقلاب کے غباروں سے ہوا نکل چکی ہے․ قوم اب کسی بازی گر کو تماشہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی صاف و شفاف تحقیقات سے ثابت ہوچکا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور سیاسی مفادات کے حصول کے منصوبے کا حصہ ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے جسے نئی آکسیجن دینے کے لئے طاہر القادری کو بلایا گیا ہے لیکن اس بار پارٹی کارکن ہی دونوں شعبدہ بازوں کی منفی سرگرمیوں کا جواب دیں گے اور ملک بھر میں دونوں جماعتوں کی نقصان دہ سیاسی سرگرمیوں کا پردہ چاک کریں گے۔