چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کی دعوے دار حکومت 2سال میں بھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے‘ثمینہ خالد گھرکی

منگل 30 جون 2015 20:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا ہے کہ غریب عوام ،صنعتی مزدور ،تاجر،دوکاندار،روزہ دار لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تڑپ رہے ہیں، وفاقی وزرا انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں مذاق اڑانے میں مصروف ہیں چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کی دعوے دار حکومت 2سال میں بھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے ،اس وقت لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے زندگی کا پہیہ عملا مفلوج ہو چکا ہے کاروبار بند ،راتوں کی نیندیں حرام اور روزہ داروں کیلئے سحر و افطار کے موقع پر بھی بجلی غائب ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے جاری بدترین اور جان لیوالوڈشیڈنگ نے ہر پاکستانی کا سکھ چین اور سکون غارت کردیا ہے وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی میں جاری لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہر پاکستانی سراپا احتجاج ہے ۔افسوس کی بات ہے کہ کراچی میں سینکڑوں انسانی جانیں صرف لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی گئی ہیں اور ایسا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں شائدپہلی بار ہی ہوا ہو گا لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت کے کسی بھی ذمے دار نے اپنی کوتاہیوں پر مستعفی ہونے کی جرات نہیں کی ہے ۔