وزیر خوراک خیبرپختونخواکااچانک مختلف بازاروں کادورہ

رمضان بازار سمیت تمام مارکیٹوں میں اشیائے خوراک کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 30 جون 2015 20:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)خیبرپختونخواکے وزیرخوراک حاجی قلندر خان لودھی نے چوک یادگار میں قائم رمضان بازار کا معائنہ کیا محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر حکام کے علاوہ مقامی تاجر و دکاندار برادری کے عہدیدار بھی انکے ہمراہ تھے صوبائی وزیر نے رمضان بازار سمیت تمام مارکیٹوں میں اشیائے خوراک کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاہم انہوں نے رمضان بازار میں اشیاء کی قیمتوں اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ کنٹرول ریٹ پر معیاری اشیاء کی فروخت صرف رمضان اور سستے بازاروں تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ صوبے کے ہر شہر اور قصبے کے عوام کو یہ ریلیف ملنا چاہئے اسی طرح رمضان بازار میں سٹالوں کی تعداد بڑھانے اور مارکیٹ میں اشیاء کے معیار اور نرخوں کے حوالے سے مسابقت کی فضا قائم کرنے پر بھی زور دیا انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک عبادت اور زہد و پرہیزگاری کا مہینہ ہے اسلئے ترقیافتہ اقوام کی طرح نہ صرف ایسے مبارک مہینوں میں اشیاء سستی ہونی چاہئیں بلکہ اسے سال بھر کا معمول بنانا اسلامی فلاحی معاشرے کا بنیادی تقاضا ہے جس کیلئے انتظامیہ اور تاجر برادری کی تنظیموں کو اپنا دینی اور ملی فرض ادا کرنے کی ضرورت ہے وزیرخوراک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت معاشرے میں قانون، میرٹ اور انصاف کی بالادستی یقینی بنانے اور عوام کو فوری و دیرپا ریلیف کی فراہمی کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی فعال قیادت میں کرپشن کے خاتمے کے علاوہ عوام بالخصوص غریب کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کا عمل پورے شد و مد سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ بازاروں میں غذائی اشیاء کا معیار بہتر بنانے کیلئے صوبے بھر میں چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف سطحوں پر مصروف عمل ہیں اور عوام اس ضمن میں بھی جلد بہتر تبدیلی محسوس کرینگے حاجی قلندر لودھی نے پرانی سبزی منڈی اور گھنٹہ گھر کی مارکیٹوں کا معائنہ بھی کیا اور شدید گرمی کے باوجود ہر دکاندار کے پاس جاکر ان سے قیمتوں سے متعلق پوچھ گچھ کی اور چیزوں کو خود چیک کیا انہوں نے ایک قصاب کو غیر معیاری گوشت کی فروخت پر گرفتار کرکے حوالات کی سیر کرانے کی ہدایت کی جبکہ حکام کو بھی خبردار کیا کہ بازاروں کی باقاعدگی سے کڑی نگرانی کا عمل جاری رکھیں اور کسی بھی عوامی شکایت کا پوری سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری اور سخت ترین کاروائی عمل میں لائیں بصورت دیگر انکے خلاف بلا رو رعایت تادیبی کاروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔