Live Updates

پیپلز پارٹی مسلسل حکومت میں ہونے کے باوجود سندھ کے مسائل حل ہونے کے بجائے پورا سندھ موئن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی

منگل 30 جون 2015 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسلسل حکومت میں ہونے کے باوجود سندھ کے مسائل حل ہونے کے بجائے پورا سندھ موئن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے، گزشتہ ایک مہینے سے سندھ کے مختلف ڈسٹرکٹ اور شہروں کا دورہ کر چکا ہوں سندھ کی حکمران جماعت اور ان کے وزراء اپنی سیاسی مخالفین پر جھوٹی ایف آئی آر اور مقدمات بنا کر دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں،وہ منگل کومیڈیا سیل کراچی کے دفتر میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل ، افتخار سومرو، خرم شیر زمان، دوا خان صابر، ڈاکٹر سنجے ،ارباب سمیجو اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ اندرون سندھ تعلیمی نظام تباہ اور ہسپتالوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ لوڈ شیڈنگ آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزراء کو کرپشن اور لوٹ مار سے فرصت نہیں مل رہی ہے۔ کراچی سے لے کر کشمور تک سندھ کے عوام لاوارثوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ایک سوا ل کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سید علی مراد شاہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکن ارباب سمیجو پر جھوٹے مقدمات قائم کرنا اور اپنے خلاف دائر کیسز سے دست بر دار ہونے کے لئے دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی تحریک انصاف شدید مذمت کرتی ہے۔

یہ ایک ارباب سمجؤ کی کہانی نہیں پورے سندھ کی یہی صورت حال ہے۔ سندھ کے عوام اور خصوصاً نوجوان طبقہ اب جاگ چکا ہے ۔ ان کی کرپشن کی کہانیوں سے واقف ہو چکے ہیں ، آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کااندرون سندھ میں کامیابی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا۔ پورے صوبے کے عوام اور خصوصاً نوجوان طبقہ متبادل قیادت کی طرف دیکھ رہا ہے اور وہ قیادت تحریک انصاف ہی فراہم کر سکتی ہے۔

سندھ کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے ۔ظلم اورزیادتی کی داستانیں بہت جلد اپنے منتقی انجام تک پہنچنے والی ہیں۔ اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر بلدیات شرجیل میمن نے پیسے کمانے کے لئے کراچی کی سڑکوں اور گلیوں سے درخت کاٹ کر بل بورڈ لگوائے۔ شدید گرمی سے سینکڑوں شہری جاں بحق ہوئے لیکن حکمرانوں کے کانوں میں جو تک نہیں رینگتی ۔وفاقی حکومت بھی شہر کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر ہی ہے اتنا بڑا سانحہ گزرنے کے باوجود وزیر اعظم نے ابھی تک کراچی شہر کا دورہ نہیں کیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومت ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات