وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز مسترد کردی

عوام سے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا کبھی وعدہ کیا نہ جھوٹ بول کر ووٹ مانگے ،یقین ہے بجلی بحران پر 2017 ء تک قابو پالیں گے، اگر کبھی کبھی کسی جگہ بجلی نہیں آتی تو عوام صبر کیساتھ برداشت کریں، اسلام آباد ایکسپریس وے توسیعی منصو بے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

منگل 30 جون 2015 21:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالیں گے ،عوام سے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا کبھی وعدہ نہیں کیا اور نہ جھوٹ بول کر ووٹ مانگے، بجلی کا سسٹم تھوڑا اوپر نیچے ہو جائے تو عوام پریشان نہ ہوا کرے، اگر کبھی کبھی کسی جگہ بجلی نہیں آتی تو صبر کیساتھ برداشت کریں۔

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد ایکسپریس وے سنگل فری توسیعی منصو نے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا میں اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری توسیع منصوبہ کے سنگ بنیاد پر خوشی محسوس کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

یہ سگنلفری منصوبہ اسلام آباد کے زیروپوائنٹ سے فیض آباد اور پھر اگست کے مہینے میں فیض آباد سے کورال اور وہاں سے ائیرپورٹ تک تعمیر کیا جارہا ہے جو 24 کلومیٹر شاہراہ بنتی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر ہائی وے کی تاخیر پر ہمیں افسوس ہے قومی منصوبوں کی تاخیر میں ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔

مستقبل میں روات کو کشمیر ہائی وے سے لنک کرنے کا بھی پروگرام ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر ہائی وے منصوبہ میں بدعنوانی ہوئی ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کی تعمیر پر تنقید کرنے والے آج خود اسکی حمایت کررہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد کی تمام سڑکیں تعمیرکرانے کیلئے پانچ ارب روپے جاری کردیئے دارالحکومت کو حقیقی معنوں میں دارالخلافہ نظر آنا چاہیے ان کا کہنا تھا کہ صرف شاہراہیں نہیں۔

دیگر منصوبوں پر بھی کام شروع ہورہا ہے اسلام آباد کی شاہراہیں بیں الاقوامی معیار کے مطابق بنائیں گے۔ شاہراہوں کے منصوبے لگنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے کارخانے بھی لگ رہے ہیں ۔ تربیلا ٹرمینل فور کی تکمیل 2017 ء میں مکمل ہوجائے گی اس سے 1400 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی نیلم جہلم ڈیم کی تعمیر سے 960 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے کہا کہ اگلے سال تک ایل این جی سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگائیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 7 روپے 30 پیسے بڑھانے کی تجویز کی گئی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اس کی قیمت میں اضافہ نہیں کر رہی جس کے باعث حکومت کو ڈھائی ارب روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ بجلی کے بحران پر 2017 ء تک قابو پالیں گے 2017 ء تک عوام کو کم قیمت پر بجلی ملے گی ہمارے دور حکومت میں بجلی کے نرخ میں پانچ روپے بتیس پیسے کی کمی ہوئی ہے یہ معمولی بات نہیں ایل این جی سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اس سال پچھلے سال کی نسبت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کمی ہوئی جہاں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے وہاں چوری کی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میٹرو بس منصوبے کیلئے آٹھ ارب روپے رکھے گئے ہیں یہ منصوبہ ڈیڑھ دو سال میں مکمل کریں گے۔

کراچی کے حالات معمول پر لانے اور بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں کراچی آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور جاری رہے گا جب تک کراچی میں امن قائم نہیں ہوتا انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے اور نہ ہی کوئی جھوٹ بول کر عوام سے ووٹ مانگے ہیں ہمیشہ عوام کو حقائق سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ بجلی کا سسٹم تھوڑا اوپر نیچے ہو جائے تو عوام پریشان نہ ہوا کرے۔

تھوڑا سا بھی مسئلہ ہوتا ہے تو لوگ ڈنڈے لے کر سڑکوں پر آ جاتے ہیں۔ اگر کبھی کبھی کسی جگہ بجلی نہیں آتی تو صبر کیساتھ برداشت کریں۔وزیراعظم نواز شریف نے آج بدھ کو کراچی جانے کا بھی اعلان کیا او ر کہا کہ شہر قائد بھی اب مختلف نظر آئے گا، لاہور ایئر پورٹ کو ہمارے مجوزہ منصوبے کے مطابق نہیں بنایا گیا، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ٹرمینل علیحدہ کرنیکا منصوبہ بنارہے ہیں۔