غیر معیاری آٹا سپلائی کرنیوالی ملوں کے لائسنس منسوخ کرنیکا حکم، مضر صحت تیل وگھی تیاروفروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاوٴن

انسانی زندگیوں سے کھیلنے کا مکروہ کاروبار کرنیوالے رعایت کے مستحق نہیں،مالکان کیخلاف سخت ترین ایکشن ہوگا:شہبازشریف مضر صحت خوردنی تیل و گھی اورکھانے پینے کی اشیاء کی تیاری و فروخت کے مکروہ دھندے میں ملوت افراد پر آہنی ہاتھ ڈالا جائے ان عناصر کیخلاف ایسا کڑا ایکشن لیا جائے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں،کسی کو عوام کے مفاد سے نہیں کھیلنے دینگے:وزیراعلیٰ پنجاب غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالے ریسٹورنٹس، بیکریوں اور دکانوں کیخلاف موثرایکشن پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کی تعریف

منگل 30 جون 2015 21:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے غیر معیاری اور مضر صحت خوردنی تیل اورگھی تیار و فروخت کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیا ز کریک ڈاوٴن کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رورعایت کے مستحق نہیں۔ غیر معیاری ومضر صحت خوردنی تیل و گھی اوردیگر کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری و فروخت کے مکروہ دھندے میں ملوت افراد پرآہنی ہاتھ ڈالا جائے ۔

ایسے قبیح کاروبار میں ملوث افرادکی جگہ جیل ہے ۔ ان عناصر کے خلاف ایسا کڑا ایکشن لیا جائے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں اوروہ آئندہ ایسا گھناوٴنا کاروبار کرنے کا سوچ بھی نہ سکیں۔وزیراعلیٰ نے غیر معیاری آٹا سپلائی کرنیوالی فلور ملوں کا لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری آٹا سپلائی کرنے والی ملوں کو کاروبار کا کوئی حق نہیں، لہٰذا تمام ضروری تقاضے پورے کرتے ہوئے ایسی ملوں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ احکامات یہاں ویڈیولنک کے ذریعیسول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکیج کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دےئے۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو تاریخی رمضان پیکیج کے تحت ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں معیاری اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کی مناسب داموں دستیابی کیلئے موثر میکانزم پر عملدرآمد جاری ہے۔

عوام کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے اورکسی کو بھی عوام کے مفاد سے کھیلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کی آڑ میں پہلے بھی کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیااور نہ آئندہ کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، متعلقہ سیکرٹریز اور دیگر حکام رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں میں بھی معیاری اشیائے خورد و نوش کی مناسب نرخوں پر دستیابی کیلئے دورے جاری رکھیں اور عام مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے صوبائی انتظامیہ فعال کردار جاری رکھے۔ رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی معیاری اشیائے خورد و نوش کی مناسب داموں دستیابی یقینی بنائی جائے۔ کم ناپ تول کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں،گراں فروشوں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں چینی کی زیادہ ڈیمانڈ کے پیش نظرپاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ کامیاب بات چیت کے ذریعے رمضان بازاروں کیلئے 5 ہزار میٹرک ٹن اضافی چینی کا کوٹہ بڑھایا گیا ہے اورشوگر ملز ایسوسی ایشن نے یہ چینی بھی سابقہ ریٹ پر فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے غیر معیاری اشیا فروخت کرنیوالے ہوٹلوں،ریسٹورنٹس، بیکریوں، دکانوں اور کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف موثر ایکشن لینے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اب فعال اور متحرک کردار ادا کر رہی ہے اوریہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیے کیونکہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کی جگہ جیل ہے اوراس ضمن میں ایسے دھندے میں ملوث مالکان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان بازاروں اورعام مارکیٹوں میں عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب داموں دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسروں اوراہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور خراب کارکردگی پر بازپرس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین، چوہدری محمد شفیق، چیف سیکرٹری، معاون خصوصی چوہدری ارشد جٹ، ایم پی اے توفیق بٹ، سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ افسران نے ویڈیولنک کے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :