وفاق سندھ حکومت سے سوتیلوں جیسا سلوک بند کردے،نادیہ گبول

کے الیکٹرک کومحکمہ موسمیات کی شدید گرمی کی لہر سے متعلق آگاہی کے فوراً بعد بجلی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھالینے چاہیے تھے

منگل 30 جون 2015 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) وزیراعلی سندھ کی کوآرڈینیٹربرائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے کہا ہے کہ وفاق سندھ حکومت سے سوتیلوں جیسا سلوک بند کردے،وزیراعظم نوازشریف کراچی میں بجلی بحران سے متعلق جن اعلی افسران سے اجلاس کرتے ہیں وہ بعد میں منظرعام پرنظرنہیں آتے۔کے الیکٹرک کومحکمہ موسمیات کی شدید گرمی کی لہر سے متعلق آگاہی کے فوراً بعد بجلی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھالینے چاہیے تھے،ہیٹ اسٹروک کے مریضوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، سندھ حکومت نے گزشتہ ہفتہ صحت کی سہولیات کے حوالے سے تابڑتوڑاقدامات کیے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسپیشل سیکریٹری صحت سندھ ریاض میمن کے ہمراہ سول ہسپتال کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسپتال میں موجود اے ایم ایس قادرصدیقی نے نادیہ گبول کو ہیٹ اسٹروک کی صورتحال سے آگاہ کیا۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے نادیہ گبول کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کی لہر نے سندھ کے مختلف شہروں بالخصوص کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے بعد ہیٹ اسٹروک سے سینکڑوں اموات ہوئی، سندھ حکومت نے ان کی روک تھام کے لیے فوری طور پر ہنگامی و جنگی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جس کے ایک ہفتہ بعد صورتحال یہ ہے کہ شہر کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کی تعداد 6سے آٹھ مریض روزہوگئی ہے اورآنے والے دنوں میں مزید بہتری آجائے گی۔

پوچھے گئے سوال کے جوب میں انہوں نے کہا کہ کے۔الیکٹرک کو محکمہ موسمیات کی پیشن گوئیوں کے فوری بعد کراچی میں بجلی کی فراہمی سے متعلق اقدامات اٹھالینے چاہیے تھے جو کہ نہیں کیے گئے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ اجنبیوں اورسوتیلوں جیسا سلوک کرررہی ہے،حکومت کے وزیرسندھ حکومت کو مورد الزام ٹہراکربجلی بحران اورہیٹ اسٹروک پرسیاست کررہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کراچی میں بجلی بحران کے حوالے سے جن اعلی افسران سے اجلاس کرتے ہیں وہ افسران بعد میں منظرعام سے بالکل غائب ہوجاتے ہیں۔وفاقی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے سندھ حکومت سے ہرشعبہ میں تعاون کرنا چاہیے۔قبل ازیں منگل کے روز وزیراعلی سندھ کی ہدایت اورعوامی شکایات پر نادیہ گبول نے لیاری جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ کیا،اس موقع پر انہوں نے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کی عدم دستیابی اوردوخواتین ڈاکٹروں کی لاپرواہی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی،نادیہ گبول نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کادورہ کیا اورمریضوں کی عیادت کرتے ہوئے اسپتال میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحا ل پر شدید غصہ کا اظہار کیا۔

انہوں نے موقع پر موجود آرایم اوڈاکٹرساجد کو ہدایت دی کہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد اوردیگر مریضوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔

متعلقہ عنوان :