وزیراعلیٰ سندھ کی عمر بارے گفتگو کرتے جماعت اسلامی کے امیر کو خود اپنی پیرانہ سالی کا خیال نہیں رہا، پی پی پی اراکین سندھ اسمبلی

کے پی کے علاوہ سندھ میں جتنی معاشرتی خرابیاں ،دہشت گردی کے نیٹ ورک ہیں ان کے تانے بانے جماعت اسلامی سے ملتے ہیں

منگل 30 جون 2015 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی خلیل الزماں، ساجد جوکھیو اور امداد پتافی نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے وزیراعلیٰ سندھ سے متعلق دیئے گئے بیان کو انتہائی غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی عمر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کو خود اپنی پیرانہ سالی کا خیال نہیں رہا۔

پی پی پی میڈیا سیل جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو خود اپنے گریباں میں جھانک کر دیکھنا چاہئے کہ وہ خود اور ان کی جماعت خیبر پختونخواہ کی حکومت میں شامل ہیں اور وہاں ان کی کیا کارکردگی ہے وہ سب پر عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ پر خراب کارکردگی کا الزام لگانے والے امیر جماعت اسلامی کو معلوم ہونا چاہئے کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں لیکن سراج الحق کے ہمدرد اور منظور نظر طالبان دہشت گردوں کی وجہ سے صوبہ سندھ جو صوفیوں اور امن کی سرزمین ہے گزشتہ ایک دہائی سے میدان جنگ بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی وہ جماعت ہے جس کے رہنماؤں کے گھروں سے القاعدہ کے لوگ گرفتار کئے گئے، جماعت اسلامی ہی کے دہشت گردوں نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملہ کیااوردہشت گردوں سے مقابلے میں شہادت پانے والے پاک فوج کے جوانوں کو شہید ماننے سے انکار کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی سے طالبان دہشت گردوں کو آکسیجن ملتی ہے اور تحریک انصاف جیسی طالبان پرست پارٹی کو جماعت اسلامی ہی نے اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے علاوہ سندھ میں جتنی معاشرتی خرابیاں اور دہشت گردی کے نیٹ ورک ہیں ان کے تانے بانے جماعت اسلامی سے ملتے ہیں۔