جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی

اوگرا کی جانب سے اضافہ کی تجویز کے باوجود حکومت کا قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مد میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے جولائی کے مہینے میں 2.5 ارب روپے کی سبسڈی ادا کریگی ٗاسحاق ڈار

منگل 30 جون 2015 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ حکومت نے اوگرا کی جانب سے اضافہ کی تجویز کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عوام کو رمضان کے بابرکت مہینے میں سہولت دینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اوگرا نے ہائی اوکٹین کی قیمت میں 7.33 روپے فی لیٹر، پٹرول کی قیمت میں 4.26 روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 0.67 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی لیکن حکومت نے صارفین پر بوجھ پڑنے کے پیش نظر اس تجویز کو تسلیم نہیں کیا اس لئے فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی 2015ء سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جون 2015ء کی سطح پر برقرار رکھی جائیں گی۔ گورنمنٹ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مد میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے جولائی کے مہینے میں 2.5 ارب روپے کی سبسڈی ادا کرے گی

متعلقہ عنوان :