بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور چین کی کونسل آف اسلامک چائینز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

منگل 30 جون 2015 22:24

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور چین کی کونسل آف اسلامک چائینز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت اسلامی یونیورسٹی میں باہمی تعاون و اشتراک سے ” آئی آئی یو نیو سلک روڈ سکول آف ٹیکنالوجی “ قائم کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط منگل کے روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں کئے گئے ۔

اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی جبکہ چائینزا سلامک کونسل کی جانب سے کونسل کے صدر ڈنگ ہوفی (اسحاق) نے یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر نائب صدر تدریسی امور جامعہ ڈاکٹر بشیر خان ، ڈائریکٹر جنرل انتظامی و مالیاتی امور گلزار احمد خواجہ ار چائینیز وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

یادداشت کی رو سے چائینیز کونسل آف ٹیکنالوجی سکول کی اسلامی یونیورسٹی میں تشکیل کے لیے انفرسٹراکچر سازو سامان اور اساتذہ سمیت دیگر شعبہ جات میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

پاک چین اقتصادی راہداری میں افرادی قوت کی تشکیل کے لیے اس سکول میں موجود چینی اساتذہ پاکستانی طلباء تکنیکی تربیت بھی فراہم کریں گے۔ اطراف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی اشتراک سے کانفرنسز اور سیمینار کا انعقاد کرایا جائے گا جبکہ ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو باہمی مفاہمت کے تحت اہداف کو حاصل کرنے بارے اپنی آراء دیتی رہے گی۔

اس موقع پر پاک چین اقتصادی راہداری اور دو طرفہ تعاون پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہاکہ چینی اداروں اور پاکستان کے مابین تعاون افرادی قوت کی دونوں جانب کی ضرورت کو پورا کر سکتا ہے اور چائینہ مفاہمتی یادداشت اس ضمن میں سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا ایسے مواقعوں سے شعبہ تعلیم میں بڑے پیمانے پرمثبت تبدیلی آ سکتی ہے اور اس قسم کے تعاون سے دونوں ممالک کی اقوام کے مابین رشتہ بھی مضبوط ہو گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ڈنگ ہوفی (اسحاق) نے کہاکہ چین کی نامور بین الاقوامی کمپنیاں اور ادارے پاکستانی طلباء کو تربیت اور استعداد کار پربڑھانے کے مواقع فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دریں اثنا چینی وفد کے اعزاز میں ریکٹر جامعہ کی طرف سے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :