ملک میں بدامنی پھیلانے والوں کیلئے ایم کیو ایم میں کوئی جگہ نہیں ‘ شبیر احمد قائم خانی

ملک میں رائج فرسودہ ، وڈیرانہ اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے‘ رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم الطاف حسین پر ماضی میں بھی لگنے والے الزامات بھی وقت نے جھوٹ ثابت کئے ، مظلوم طبقے کی نمائندگی پر سزا دی جارہی ہے‘ سینیٹر میاں عتیق

منگل 30 جون 2015 23:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی نے کہا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والوں کیلئے ایم کیو ایم میں کوئی جگہ نہیں ،ہم ملک میں رائج فرسودہ ، وڈیرانہ اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افطار ڈنر کی تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

افطار ڈنر میں سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی رکن بسمہ آصف سکھیرا، پنجاب کے صدر سینیٹر میاں عتیق ،صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب کے انچارج ارشاد احمد ظفیرسمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد قائم خانی نے کہا کہ الزامات اور شدید میڈیا ٹرایل کے باوجود بھی پنجاب کے لوگ جوق در جوق ایم کیو ایم میں شامل ہو رہے ہیں ، پابندیوں سے حق پرستی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس ملک کے 98 فیصد غریب و متوسط طبقے کے افراد کے حقوق کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے اور ہمیں اس ملک سے اپنی محبت اور وفاداری ثابت کرنے کیلئے کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ ملک میں بدامنی پھیلانے والوں کیلئے ایم کیو ایم میں کوئی جگہ نہیں ہے ہم ملک میں رائج فرسودہ ، وڈیرانہ اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔

اس موقع پر سینیٹر میاں عتیق نے کہا کہ ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات کوئی نئی بات نہیں ۔ ایم کیو ایم پر حکیم سعید اور جناح پور بنانے کے الزام لگائے گئے لیکن یہ الزامات ثابت نہیں ہو سکے اور ایم کیو ایم سرخرو ہو ئی ۔ انشاء اﷲ اب بھی ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام ہو نگی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم سرخرو ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پر ماضی میں بھی لگنے والے الزامات وقت نے جھوٹ ثابت کئے ، ایم کیو ایم اور الطاف حسین کو مظلوم طبقے کی نمائندگی پر سزا دی جارہی ہے۔