فوڈ اتھارٹی کے چھاپے‘6فوڈ یونٹ سیل‘ 21 ملزم گرفتار

چائنہ روڈ پر حافظ نمکو فوڈ سیل‘ 3ہزار لیٹر کھلا تیل اور ایک لاکھ کلو گرام کھانے کی خراب اشیاء برآمد راوی ٹاؤن میں ماجد مرچ چکی‘ بسم اﷲ مرچ چکی اور توکل چکی ناقص صفائی پر سیل کر دی گئیں ٹیمپل روڈ پر الفضل ملک شاپ کی چیکنگ‘ مکھیاں اور کاکروچ موجود‘ ناقص صفائی‘ 5گرفتار

منگل 30 جون 2015 23:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا اور ناقص صفائی رکھنے والے ہوٹلوں کے خلاف مہم کے دوران 6فوڈ یونٹ سیل جبکہ 21 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کی سربراہی میں شالیمار ٹاؤن کی فیلڈ ٹیم نے چائنہ روڈ پر واقع حافظ نمکو فوڈز‘ سنیکس مینوفیکچرنگ یونٹ کو انتہائی ناقص صفائی‘ کھلا تیل استعمال کرنے اور زائد المیعاد کھانے کی اشیاء فروخت کرنے پر سربمہر کر دیا۔

یونٹ میں کھلا تیل متعدد مرتبہ استعمال کیا جا رہا تھا۔ یونٹ سے 300 لیٹر کھلا تیل اور ایک لاکھ کلوگرام سے زائد کھانے کی خراب اشیا کو تحویل میں لیا گیا۔ نیز مالک کے خلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی اور مالک سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح راوی ٹاؤن کی فیلڈ ٹیم نے ماجد مرچ چکی‘ بسم اﷲ مرچ چکی اور توکل چ کو انتہائی ناقص صفائی کے انتظامات‘ مکڑی کے جالوں اور گندے فرش پر مصالحہ جات پھیلانے کی بنا پر سربمہر کر یا۔

تفصیلات کے مطابق ورکرز میڈیکل کروائے بغیرکام کر رہے تھے اور صفائی کا انتظامت بہت ناقص تھا جس کی وجہ سے متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آرز درج کرائی گئیں اور موقع پر مالکان سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں داتا گنج بخش ٹاؤن کی ٹیم نے ٹیمپل روڈ پر واقع الفضل ملک شاپ اینڈ فوڈ پروڈکشن کو انتہائی ناقص صفائی کے انتظامات اور عمارت میں کثیر تعداد میں مکھیوں اور کاکروچوں کی موجودگی کی بنا پر سربمہر کر دیا۔ نیز مالک کے خلاف متعلقہ تھانہ مزنگ میں ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی اور پانچ افراد کو موقع پر گرفتار کر ایا گیا۔ مزید برآں گلبرگ ٹاؤن کی ٹیم نے عمارت میں گندگی اور گندے فریزر کے استعمال پر قذافی اسٹیڈیم کے قریب واقع یوسف فالودہ کو سیل کر دیا۔