لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بھانجے رافع بشیر شاہ کی ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے میں توسیع کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے تعیناتی کی وجوہات طلب کر لیں۔

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 1 جولائی 2015 11:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے خورشید شاہ کے بھانجے رافع بشیر شاہ کے عہدے میں میرٹ کے برعکس اورسیاسی بنیادوں پرتوسیع کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم انسپکشن ٹیم کی رپورٹ موجود ہے کہ رافع بشیر شاہ نے حج آپریشن میں 76کروڑ روپے کی کرپشن کی لہذا انکے عہدے میں کی جانے والی توسیع ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ گذشتہ سال کامیاب اور مثالی حج کرانے پر رافع بشیر شاہ کے عہدے میں توسیع کی گئی ہے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس عہدے پر تعیناتی کے لئے دیگر امیدواروں کا چناو کر لیا گیا تھا پھر ایسی کیا وجوہات تھیں جسکے پیش نظر رافع بشیر کے عہدے میں اچانک توسیع کر دی گئی۔اس حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت چھ جولائی تک ملتوی کردی۔