اٹک سے 120کلومیٹر دور تحصیل پنڈی گھیب کی یونین کونسل ملہووالی کے گاوٴں امریتی میں سحری کے دوران زہریلی چیز کھانے والے ایک ہی خاندان کے 3خواتین سمیت 6افراد بے ہوش ہوگئے

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 1 جولائی 2015 12:41

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)اٹک سے 120کلومیٹر دور تحصیل پنڈی گھیب کی یونین کونسل ملہووالی کے گاوٴں امریتی میں سحری کے دوران زہریلی چیز کھانے والے ایک ہی خاندان کے 3خواتین سمیت 6افراد بے ہوش ہوگئے ، تمام افراد کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق امریتی گاوٴں میں حسین احمد ان کی اہلیہ قمر جان بیٹے ملازم محکمہ تعلیم احمد خان ان کی اہلیہ عائشہ بی بی ، نفیسہ بی بی ، حافظ طیب سحری کھاکرنماز فجر ادا کرنے کے بعد سوگئے اور بعد ازاں اپنے کاموں میں لگ گئے دن میں تمام افراد مختلف جگہوں پر بے ہوش ہوگئے ،جنہیں تشویشنا ک حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک پہنچایا گیا ، احمد خان جس کا تعلق محکمہ تعلیم سے ہے اور کلاس فور ملازم ہے نے بتایا کہ ہمیں کچھ پتہ نہیں چلا کہ کھانے میں کون سی زہریلی چیز گری ہے ، کافی تگ و دو کے بعد تمام افرا د کو طبی امداد کے ذریعہ ہوش میں لایا گیا تاہم تمام افراد کی حالت خطرے سے باہرہے ،تمام افراد کو رات 2بجے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا گیا تو صبح 8بجے تک ہسپتال میں ڈیوٹی میڈیکل آفیسر کے علاوہ کوئی سٹاف حاضر نہیں تھا اور ڈیوٹی میڈیکل آفیسر نے اپنے طور پر تمام افراد کو طبی امداد مہیا کی اور ڈیوٹی سے تمام غیر حاضر ملازمین کے بارے میں ہسپتال کے رجسٹر میں تحریری شکایت درج کی ۔