آئی ایم ایف نے قرض واپس کرنے میں ناکامی پر یونان کو نادہندہ ملک قرار دیدیا

بدھ 1 جولائی 2015 12:52

ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) آئی ایم ایف نے قرض واپس کرنے میں ناکامی پر یونان کو نادہندہ ملک قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کا قرض واپس کرنے کی ڈیڈ لائن گزر گئی یونان پہلا ترقی یافتہ ملک بن گیا جو آئی ایم کا نادہندہ ہوا۔یونان کو آئی ایم ایف کو قرض کی ڈیڑھ ارب یورو کی قسط اداکرنی تھی۔ واپسی کی معیاد بڑھانے کی درخواست آئی ایم ایف کے بورڈ نے مسترد کردی اور اسے نادہندہ قرار دیدیا۔

آئی ایم ایف کے ترجمان کے مطابق اب یونان کو بقایا جات کی ادائیگی کے بعد ہی نیا قرض جاری کیا جائے گا۔نادہندہ ہونے کے بعد یونان کے یوروزون سے خارج ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔اس سے پہلے یونان کی بیل آؤٹ پیکیج میں توسیع کی درخواست یوروزون نے بھی مسترد کردی تھی۔

(جاری ہے)

یوروزون نے نئے بیل آؤٹ پیکیج کیلئے یونان سے سخت معاشی اصلاحات کا مطالبہ کیا یوروزون کی شرائط پر عوام کی رائے جاننے کیلئے 5 جولائی کو یونان میں ریفرنڈم ہوگا۔

یونانی وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوروزون کی شرائط پر ”نہ“ میں ووٹ دیں۔ دوسری جانب حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ اگر بیل آؤٹ کی شرائط نہیں مانی گئیں تو ملک دیوالیا ہوکر یورو زون سے خارج ہوجائے گا۔ بینکوں میں عوام کی رقوم اور تنخواہیں ڈوب جائیں گی۔ ایتھنز میں حکومت کے مخالفین نے ریلی بھی نکالی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

ادھر یونانی وزیر اعظم ایلکسس تسیپراس آئی ایم ایف کے قرض کی ادائیگی کے لیے یورپی یونین سے قرض لینے کے ساتھ وابستہ کفایت شعاری کی شرائط ماننے سے انکار کر رہے ہیں اور انھوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر یونانی عوام نے ریفرینڈم میں کفایت شعاری کی تجاویز ماننے کے حق میں ووٹ دیا تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

یونان کے وزیر اعظم نے کہاکہ یونانی عوام کا واضح جواب ہی ملک کے بیرونی قرضوں کے بحران کے موافق حل کے سلسلے میں ان کی مدد کر سکتا ہے۔

ادھر یورپی یونین کے رہنماوٴں نے یونان کو خبردار کیا ہے کہ اگر قرض خواہوں کی تجاویز مسترد کر دی گئیں تو اس کا مطلب یونان کا یورو زون سے اخراج ہو گا تاہم جرمنی کے وزیر خزانہ سیگمار گیبریئل نے کہا کہ ووٹ کا مطلب یورو زون کو ہاں یا نہ کہنا ہو گا۔برطانوی وزیر خزانہ جارج اوسبورن نے کہا کہ یونان کا انخلا صدمے کا باعث ہو گا اور برطانیہ اس کے اثرات کو ہلکا نہیں لینا چاہیے۔یونان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے بیل آوٴٹ پیکیج پر یورپی ممالک اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان ہفتہ بھر جاری رہنے والے مذاکرات کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :