ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کنٹونمنٹ بورڈزکا اجلاس ‘مختلف امورپر تبادلہ خیال

بدھ 1 جولائی 2015 12:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ڈپٹی سیکرٹری ہائیرایجوکیشن نعمان جمیل نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور انسدادڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ موسم برسات کی آمدکے پیش نظر ڈینگی سیزن میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے خاتمہ کیلئے آؤٹ ڈور اور انڈور سرویلنس اور دیگرسرگرمیوں کو مزیدتیزکردیں۔بارش کی صورت میں کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

نیز شہریوں کو اپنی چھتوں ، ایئرکولرز، گملوں اور سوئمنگ پولز کو صاف رکھنے کیلئے آگاہی مہم کو جاری رکھا جائے۔انہوں نے یہ بات ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کنٹونمنٹ بورڈزکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں ڈی ڈی ہیلتھ ڈاکٹر آصف اقبال،سینئرانٹامالوجسٹ سعیدالرحمن،تعلیمی اداروں کے سربراہان،ڈی ایچ اے،کینٹ کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی -اجلاس میں لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز میں ڈینگی لاروا کی روک تھام اوراس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا- اجلاس میں قبرستانوں ،کباڑخانوں ،ہسپتالوں اور دیگر مقامات میں صفائی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات بارے رپورٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

نعمان جمیل نے متعلقہ محکموں کو صفائی ستھرائی اور ہاٹ سپاٹس پر ڈینگی لاروا کی نشاندہی کے حوالے سے فوری طور پر ایکشن لینے کی ہدایت کی- انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کے آغاز سے قبل مچھر مار کیمیکلز، سپرے پمپس اور فوگر مشینوں کی جانچ پڑتال کر لیں تا کہ ضرورت پڑنے پر مسائل کا سامنا نہ کرنے پڑے-نعمان جمیلنے کہا کہ تمام محکمے ڈینگی کی روک تھام کیلئے اپنی سرگرمیاں بھر پور طریقہ سے جاری رکھیں -انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے ذرا سی غفلت اور کوتاہی مشکلات پیدا کر سکتی ہے لہٰذا تمام سٹیک ہولڈر اپنے اپنے فرائض پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔