کشمیر کی بے نظیر ترقی کا سفر جاری رہے گا‘سید بازل علی نقوی

بدھ 1 جولائی 2015 13:48

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء )وزیر زراعت ،لائیو سٹاک و ایسماء سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر کی بے نظیر ترقی کا سفر جاری رہے گا ۔میگا پراجیکٹس کے لیے فنڈز ،تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے ،زراعت اور لائیو سٹاک کے لیے منصوبہ جات کو برقرار رکھنے ،سینٹرل پریس کلب مظفر آباد کی عمارت کے لیے رقم،وزیراعظم کیب سکیم ،زراعت اور لائیو سٹاک کے لیے بلاسود قرضے موجودہ حکومت کا عوامی بجٹ ہے۔

وزیر زراعت نے ان خیالات کا اظہار افطارپارٹی سے خطاب میں کیا۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 9.5 فیصداضافہ ایک ریکارڈ ہے جس سے ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہوگی اور وہ جلد مکمل ہو ں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں پہلی مرتبہ 50 کروڑ کی بیرونی امداد بھی شامل ہے جو پیپلزپارٹی کی حکومت پر غیر ملکی امدادی اداروں کے اعتمادکا مظہر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کے تحت وفاقی ترقیاتی پروگرام میں علیحدہ طور پر تقریباّ 32ارب روپے کی رقم مہیا کی گئی ہے جس سے اہم منصوبہ جات مظفر آباد ،میرپور، منگلاایکسپریس وے ، تاوبٹ تا مظفرآباد روڈ، واٹر سپلائی سکیم چکسواری اور وویمن یونیورسٹی باغ جیسے اہم منصوبہ جات پر عمل در آمد کیا جائے گا۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ میڈیکل کالجز مظفرآباد اور میر پور کے منصوبہ جات کے علاوہ کیرن اورلیسوا بائی پاس سڑکات بھی وفاقی ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں۔

وزیر زراعت نے کہاکہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے لیے جاری تعمیر نو و بحالی کے منصوبوں کے لیے 7 ارب روپے کی رقم بھی رکھی گئی ہے جس سے وہاں سکولوں اور دیگر منصوبہ جات کی تکمیل میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مالی وسائل سے ان منصوبہ جات کی تکمیل پر لوگوں کو رسل و رسائل کی بہتر سہولیات فراہم ہوں گی ۔ نیز معاشی ترقی اور غربت کے خاتمہ جیسے اہم و ناگزیر اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی گرین کیب سکیم کیلئے 25ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ جس کے تحت آزاد کشمیر کے تقریباً 1400نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور 9000کے لگ بھگ آبادی بالواسطہ /بلا واسطہ مستفید ہوگی۔وزیر زراعت نے کہاکہ یہ موجودہ حکومت کا ایک انقلابی فیصلہ ہے جس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانچ ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لئے بھی ایک پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کو تربیت مکمل ہونے پر کاروبار شروع کرنے کے لیے آزادجموں وکشمیر بنک سے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے ۔