روسی یونیورسٹی میں مذہبی انتہاپسندی سے تحفظ کا اضافی کورس شروع کیا جائے گا

بدھ 1 جولائی 2015 14:19

ماسکو۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ میں، مذہبی انتہاپسندی سے تحفظ کا اضافی کورس شروع کیا جائے گا۔ مذہب کا فلسفہ پڑھانے والے مستند مدرّس پاویل کوستیلیو کے مطابق طلبہ کو انتہاپسندانہ تصورات کی جانب رٍاغب ہونے سے روکنے کی خاطر ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی کے تمام شعبوں کی پہلے سال کی کلاسوں میں ” انتہاپسندی اور اس سے تحفظ“ سے متعلق مذہب شناسی کا مضمون شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی کی طالبہ وروارا کاراوٴلووا کو”دولت اسلامیہ“ میں شامل ہونے کی کوشش کرنے کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔یونیورسٹی کی ایک اور طالبہ اسلام اور عربی زبان سے رغبت ہونے کے با عث والدین کو بتائے بغیر انٹرنیشنل پاسپورٹ بنوا کر داعش میں شمولیت کی غرض سے 27 مئی کو استنبول چلی گئی۔جسے 4 جون کو ترکی اور شام کے درمیان سرحد پر گرفتار کر لیا گیا۔ 11 جون کو کاراوٴلیوا انٹرپول اور ترک مائیگریشن سروس کے اہلکاروں کی نگرانی میں ماسکو لائی گئی تھیں۔کوستیلیو کے مطابق اس قسم کی صورت حال کو روکنے کی خاطر ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی میں مذہبی انہاپسندی سے تحفظ کے سلسلے میں اضافی کورس جلد شروع کرنے کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے ۔