‘ پنجاب حکومت نے اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرنے کے نام پر اربوں روپے جمع کر لئے ، چھ ماہ گزرنے کے باوجود لائسنس جاری نہ کئے جا سکے‘

بدھ 1 جولائی 2015 14:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پنجاب بھر میں اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرنے کے نام پر صوبائی حکومت نے اربوں روپے جمع کر لئے ۔ مگر چھ ماہ گزرنے کے باوجود کسی بھی اسلحہ لائسنس ہولڈر کو ایک بھی کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس جاری نہ ہو سکا ۔ آن لائن کے مطابق پنجاب حکومت نے جعلی اسلحہ لائسنس کی روک تھام کے لئے قیام پاکستان کے بعد بننے والے 2014 تک کے تمام اسلحہ لائسنسوں کو مرحلہ وار کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں صوبائی حکومت نے فیصلہ کے مطابق وزارت داخلہ کے محکمہ نادرا سے تحریری طور پر وعدہ کیا چنانچہ یکم جنوری 2015 سے مرحلہ وار اسلحہ لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا پنجاب بھر کے ہر اضلاع میں کام شروع کیا گیا ۔

اور اس سلسلہ میں حکومت نے فی اسلحہ لائسنس فیس 1400 روپے مقرر کی ۔

(جاری ہے)

اس طرح حکومت نے پنجاب بھر کے مختلف اضلاع سے لاکھوں اسلحہ لائسنس ہولڈروں سے اربوں روپے کے حساب سے وصول کئے اور اس سلسلہ میں تمام اسلحہ لائسنس ہولڈروں کی تصدیق کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے انگلیوں کے نشانات دستخط اور دیگر تمام کارروائی مکمل کی اور اسلحہ لائسنس ہولدڑ کو تصدیق کے بعد فارم دیا گیا اس کی معیاد تین ماہ مقرر تھی ۔

مگر پنجاب بھر میں لاکھوں لائسنس ہولڈروں کو آج تک کمپیوٹرائزڈ لائسنس جاری نہیں کر سکے جبکہ صوبائی حکومت نے اس کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے نام پر اربوں روپے اکٹھے کر لئے اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے بعد انکشاف ہوا کہ پنجاب بھر میں ہزاروں جعلی اسلحہ لائسنس بھی جاری ہو چکے ہیں اور یہ اسلحہ لائسنس ، اسلحہ ڈیلرو ، اسلحہ برانچ اور ڈی سی او آفس کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے جعلی دستخطوں سے جاری ہوئے بعدازاں ان لائسنسوں کا اندراج محکمہ داکخانہ کے اہلکاروں کے ساتھ ساز باز کر کے پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں اندراج کرایا گیا ۔

آن لائن کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سکینڈل میں بیسیوں اہلکاروں کو ملوث ہونے پر ملازمت سے برطرف ، معطل کرنے کے ساتھ ساتھ بعض اہلکاروں کے خلاف اینٹی کرپشن پولیس میں مقدمات بھی درج کرائے جا چکے ہیں ۔جبکہ شہری اور اسلحہ لائسنس ہولڈروں نے وزیر اعلی پنجاب ، وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر حکومتی وعدہ کے مطابق کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس ہولڈروں کو لائسنس جاری کیے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :