مسجدالحرام کے احاطے میں زائرین کیلئے مفت وائی فائی کی سروس شروع کرنے کا منصوبہ

بدھ 1 جولائی 2015 14:59

مکہ المکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کیلئے مسجد کے احاطے کے اندر مفت وائی فائی سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا جس کا مقصدپریزیڈنسی کے عملے اور عازمین کے درمیان آن لائن رابطوں کو استوار کرنا ہے۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں آنے والے زائرین مسجد کے احاطے کے اندر مفت وائی فائی سروس کی سہولت حاصل کرسکیں گئے۔

یہ اس تیکنیکی خدمات کے سلسلے کا ایک حصہ ہے، جو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے معاملات کی ذمہ دار پریزیڈنسی کی جانب سے متعارف کرائی جارہی ہیں۔اس پریزیڈنسی میں مرکز برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر بندر الخزیم کا کہنا ہے کہ مسجدالحرام کے احاطے میں مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے کامقصد پریزیڈنسی کے عملے اور عازمین کے درمیان آن لائن رابطوں کو استوار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریزیڈنسی کا عملہ اس مقبولِ عام وائرلیس نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مسجد الحرام کے عازمین کو رہنمائی اور آگاہی کے پیغامات پر مبنی ٹیکسٹ میسیجز بھیجے گا۔بندر الخزیم نے بتایا کہ مطاف (بیت اللہ کے گرد طواف کا حصہ) میں عازمین کے لیے بلوٹوتھ سروس بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ طواف کی ادائیگی کے دوران وہ یہ جان سکیں کہ بیت اللہ کے گرد وہ کتنے چکر لگا چکے ہیں۔