البرٹا حکومت کا فی گھنٹہ معاوضے میں اضافے کا اعلان

بدھ 1 جولائی 2015 15:01

وینکوور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) البرٹا کی این ڈی پی حکومت نے کم از کم فی گھنٹہ معاوضے میں اضافے کا اعلان کر دیا ۔عالمی میڈیا کے مطابق وزیر اعلی ریچل نوٹلی کی حکومت نے کہا ہے کہ 2018 تک کم از کم فی گھنٹہ معاوضے میں 15 ڈالرز کا اضافہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اضافے کا اطلاق رواں سال اکتوبر سے ہو گا اور عام کارکنوں کے لیے ایک گھنٹے کا معاوضہ 10.20 ڈالر سے بڑھ کر 11.20 ڈالر ہو جائے گا جبکہ شراب پیش کرنے والوں کا کم از کم معاوضہ 9.20 ڈالر سے بڑھ کر 10.70 ڈالر ہو جائے گا۔

این ڈی پی حکومت کی طرف سے کی جانے والی ان تبدیلیوں کا مقصد اپنے اس ہدف کا حصول ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ 2016 تک تمام کارکنوں کے معاوضے میں فرق کو ختم کر دیں گے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی ریچل نوٹلی کا کہنا تھا کہ البرٹا میں کارکنوں کا معاوضہ ملک بھر میں سب سے کم ہے جبکہ ہمارے ہاں زندہ رہنے کی لاگت تمام صوبوں سے زیادہ ہے۔ ہم اس مسئلے سے نپٹنے کے لیے اہم اقدامات کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔