وزیراعظم کا کراچی میں گرمی سے ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار، غفلت کا مظاہرہ کرنیوالے اداروں کے احتساب کااعلان

بدھ 1 جولائی 2015 15:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کے احتساب کرنے کااعلان کردیا ،سندھ حکومت نے حیسکو اور سیسکو کو سندھ حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا، وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے کے فور منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے فور کی کنسلٹینسی 6ماہ میں مکمل کی جائے، وفاقی حکومت کے فور منصوبے کیلئے 10 ارب روپے دے گی، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے، وزیراعظم نے سندھ حکومت کی شکایات پربجلی پیدا کرنے والی کمپنیز کو لوڈشیڈنگ کا دوبارہ جائزہ لینے اور اضافی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعظم نے سندھ اور وفاق کے درمیان شکایات کے خاتمے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو بجلی کے بلوں، لوڈشیڈنگ کے معاملات سمیت دیگر تنازعات کو طے کرے گی، وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی مفادات کے منصوبوں میں مدد کرنے کیلئے تیار ہے، ملکی تاریخ میں گرمی کی لہر غیر معمولی صورتحال تھی، پورا ملک دکھ کی اس گھڑی میں کراچی کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے حالات میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کراچی میں گرمی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العبار، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، پرویز رشید، عبدالقادر بلوچ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، کمشنر کراچی سمیت دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کو کراچی میں گرمی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی حکومت کی طرف سے صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شدید گرمی سے متاثرہ65ہزار مریضوں کو ہسپتال لایا گیا، گرمی کی شدت کے باعث 1250 افراد جاں بحق بھق ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر ضعیف العمر افراد شامل تھے، بجلی کی طویل بندش ہلاکتوں کا سبب بنی، کے الیکٹرک انتظامیہ کمپنی کو ٹھیک طرح سے نہیں چلا رہی۔

وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں شدید گرمی سے جاں بحق ہونے والے افراد پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہونے والے اموات کی مثال نہیں ملتی۔ پورا ملک متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ میں تمام متعلقہ ادارے جواب ہیں، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

سندھ حکومت نے اجلاس میں حیسکو اور سیسکو کو حوالے کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اموات ہوئیں، وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کو ہسپتالوں کے انتظامات، کے الیکٹرک کی نااہلی، لوڈشیڈنگ اور صوبائی و وفاقی حکومت کے درمیان بجلی واجبات پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کر دی ہے تاہم وفاقی حکومت نے آئی پی پیز کو ادائیگی نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :