کرن جوہر ہم جنس پرستی کے الزام پر برہم

بدھ 1 جولائی 2015 15:34

کرن جوہر ہم جنس پرستی کے الزام پر برہم

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) بالی ووڈ ہدایتکار کرن جوہر ٹوئٹرپرخود پر لگائے جانے والے ہم جنس پرستی کے الزام پر شدید برہمی کا شکار ہیں۔ کرن جوہر بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف ترین کنواروں میں سے ایک ہیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ ہم جنس پرست ہیں، اسی لئے تاحال ان کی زندگی میں کوئی حسینہ داخل نہیں ہوسکی ہے۔ گزشتہ دنوں امریکی سپریم کورٹ کے ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث جاری ہے۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر پر بھی یہ بحث زور و شور سے جاری ہے اور ایک یوزر نے ازراہ مذاق ٹوئٹ کیا جس کے مطابق کرن جوہر عنقریب شادی کیلئے امریکہ جارہے ہیں۔ کرن جوہر نے اس ٹوئٹ کا سخت برا منایا اور کہا کہ یہ بے حد افسوسناک اور شرمناک ہے کہ جب کوئی اہم پیش رفت ہو اور اسے کوئی ٹوئٹر پر مذاق کا ذریعہ بنا لے۔ رواں برس کے آغاز میں کرن جوہر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ”اگر میں کسی عورت میں دلچسپی رکھتا تو یقیناً کرینہ کپور کے ساتھ ڈیٹ پر جاتا لیکن اس کی بھی کچھ حدود و قیودہیں اور میری بھی“۔ ان کے اس بیان کو ان کے جنسی رجحان کے حوالے سے مہر تصدیق سمجھا جاتا ہے۔