چیلنجزسے نمٹنے کیلئے تعلیم میں بہتری و شرح خواندگی میں اضافہ یقینی بنانا ہو گا، ڈاکٹر اقرار احمد

بدھ 1 جولائی 2015 15:36

فیصل آباد ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ تربیت یافتہ افرادی قوت کے حصول اور دور حاضر کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے معیار تعلیم میں بہتری اور شرح خواندگی میں اضافہ یقینی بنانا ہو گاجس کیلئے مربوط کاوشیں بروئے کارلانے کی ضرورت ہے۔

یونیورسٹی کے آفس آف فنانشل اسسٹنس کے زیر اہتمام پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن سکالر شپ سکیم کے سلسلہ میں طلباء میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ تقریب میں 2012ء سے2015ء کیلئے 57 طلباء میں 26 لاکھ مالیت کے سکالر شپس تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ایجوکیشن کے ذریعے نہ صرف بیرونی ممالک کیلئے افرادی قوت کی تیاری میں مدد ملتی ہے بلکہ ملکی سطح پر صنعتی و تجارتی شعبوں کی ترقی میں اس کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ان وظائف کے ذریعے نوجوان سکالرز کو اپنی استعداد کا ر میں اضافہ کا موقع میسر آسکے گا۔ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس ، پروفیسر ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت نے تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت یونیورسٹی کے انڈر گریجوایٹ طلباء میں سال2012-13ء کے دوران 14 ، 2013-14ء کے دوران 25 جبکہ سال 2014-15 ء کے دوران 18طلباء سکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جس میں ہر سکالر کو 60ہزار روپے دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پسماندہ علاقوں کے ضرورتمند طلباء و طالبات کیلئے مالی اعانت کا وسیع ترین پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے اس کا مقصد دیہی علاقوں سے آنیوالے طلباء کو ملکی تعمیر و ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کیلئے وسائل فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :