حکومت پنجاب کی صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن و سینئر سول ججز کو جیلوں کے خصوصی دوروں کی ہدایت

بدھ 1 جولائی 2015 15:37

فیصل آباد ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اور سینئر سول ججز کو جیلوں کے خصوصی دوروں کی ہدایت کی ہے جبکہ عید الفطر سے قبل معمولی نوعیت کے جرائم میں گرفتار اسیران کی رہائی یقینی بنانے کیلئے بھی کہاگیاہے۔عدالت عالیہ کے ذرائع نے بتایاکہ قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سینئر سول ججز ہر مہینے اپنے اپنے اضلاع کی جیلوں کے دورے کرکے وہاں اسیر معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث قیدیوں کی ذاتی مچلکوں پر رہائی کے احکامات جاری کرتے ہیں تاہم اس با ر انہیں خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث قیدیوں کی زیادہ سے زیادہ رہائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ یہ افراد عیدالفطر کی خوشیاں اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کے ساتھ مناسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے محکمہ جیل خانہ جات کے حکام سے فوری طورپر ایسے قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں جو اپنے جرائم میں ملنے والی سزا تو پوری کرچکے ہیں مگر جرمانوں کی ادائیگی کیلئے رقوم نہ ہونے کے باعث ان کی رہائی عمل میں نہ آرہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت اپنے طور پر ان قیدیوں کے جرمانوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی کوشش کرے گی جبکہ اس ضمن میں صاحب ثروت افراد اور مخیر شخصیات سے بھی تعاون حاصل کیاجائیگا تاکہ سزا پوری کرنیوالے قیدیوں کے جرمانے ادا کرکے انہیں عید سے قبل رہا کرناممکن ہوسکے۔

انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس سے اس ضمن میں رابطہ کرکے ماہ رمضان کی فضیلتوں اور فیوض و برکات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :