تیونس میں 35 سال سے کم عمر افراد کے ترکی، لیبیا، سربیا اور مراکش کے سفر پر پابندی عائد

بدھ 1 جولائی 2015 15:41

تیونس سٹی ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) تیونس کی حکومت نے امن وامان کے نقطہ نظر 35 سال سے کم عمر افراد کے ترکی، لیبیا، سربیا اور مراکش کے سفر پر پابندی عاید کردی ۔تیونسی ریڈیو نے ایک سیکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہریوں کے بیرون ملک سفر کو بعض شرائط کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے۔ حکام نے پینتیس سال سے کم عمر افراد کے شورش زدہ ملکوں بالخصوص مراکش، ترکی، سربیا اور لیبیا کے سفر پر پابندی عاید کردی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے مذکورہ ملکوں میں سفر پر پابندی کا مقصد انہیں شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند گروپوں میں شمولیت سے روکنا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ایک نوبیاہتا جوڑے نے ہنی مون منانے کے بہانے عدالت کی اجازت سے ترکی کا سفر کیا لیکن وہ ترکی پہنچنے کے بعد وہاں سے شام میں داخل ہوگئے اور دہشت گرد تنظیموں سے جا ملے ہیں۔ تیونسی حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے چار برسوں میں تین سے چار ہزار کے لگ بھگ شہری شام میں "داعش" میں شامل ہوچکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر لیبیا، ترکی اور عراق سے گذر کر شام پہنچے ہیں۔

متعلقہ عنوان :